سابق صدر آصف زرداری کے قریبی ساتھی ڈاکٹرعاصم حسین 19 ماہ بعد رہا-ان کے خلاف 479ارب روپے کی کرپشن اور دہشت گردوں کو علاج سہولتیں فراہم کرنے کے مقدمات ہیں

Mian Nadeem میاں محمد ندیم جمعہ 31 مارچ 2017 14:25

سابق صدر آصف زرداری کے قریبی ساتھی ڈاکٹرعاصم حسین  19 ماہ بعد رہا-ان ..
کراچی(اردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین-انٹرنیشنل پریس ایجنسی۔31 مارچ۔2017ء) سندھ ہائی کورٹ نے کرپشن کے 2 مقدمات میں سابق وزیر پیٹرولیم اور پاکستان پیپلز پارٹی کے راہنما ڈاکٹر عاصم حسین کی رہائی کو رہا کردیا گیا ہے۔ڈاکٹر عاصم حسین کو بکتر بند گاڑی میں جناح ہسپتال سے کلفٹن میں واقع ضیاءالدین ہسپتال منتقل کیا گیا۔پیپلز پارٹی رہنما کی رہائی تقریباً 19 ماہ بعد عمل میں آئی ہے۔

29 مارچ کو سندھ ہائیکورٹ نے طبی بنیادوں پر ڈاکٹر عاصم حسین کے خلاف 479 ارب روپے کی کرپشن کے 2 مقدمات میں 25، 25 لاکھ روپے کے 2 ضمانتی مچلکوں کے عوض ان کی ضمانت منظور کی تھی۔احتساب عدالت میں ڈاکٹر عاصم حسین کے خلاف 462 ارب روپے کی کرپشن اور جامشورو جوائنٹ ونچر میں 17 ارب کی کرپشن کے دو ریفرنسز دائر تھے۔

(جاری ہے)

29 مارچ کو ہی انسداد دہشت گردی کی عدالت نے دہشت گردوں کے علاج معالجے کے کیس میں ڈاکٹر عاصم حسین کی رہائی کے احکامات جاری کیے تھے، تاہم انھیں رہا اس لیے نہیں کیا جاسکا تھا کیونکہ کرپشن مقدمات میں ضمانت منظور ہونے پر بھی انھیں پاسپورٹ جمع کرانے کا کہا گیا تھا۔

جس پر ڈاکٹر عاصم کی جانب سے سندھ ہائیکورٹ میں ایک درخواست دائر کی گئی، جس میں موقف اختیار کیا گیا تھا کہ دہشت گردوں کا علاج کرانے کے مقدمے میں بھی ڈاکٹر عاصم کو پاسپورٹ جمع کرانے کا حکم دیا گیا تھا اور عدالتی حکم پر پاسپورٹس انسداد دہشت گردی عدالت میں جمع کرائے گئے جبکہ ناظر ہائیکورٹ نے بھی دوسرے بنچ کے حکم پر پاسپورٹ جمع کرانے کا حکم دیا۔

درخواست میں عدالت سے استدعا کی گئی تھی کہ عدالتی حکم میں ترمیم کرکے ضمانتی مچلکوں کی تصدیق اور ریلیز آرڈر جاری کیا جائے۔تاہم درخواست پر سماعت کرنے والے جسٹس فاروق شاہ نے ریمارکس دیئے تھے کہ فیصلے میں ترمیم نہیں کی جاسکتی، جسٹس کے کے آغا کے تحریر کردہ فیصلے میں ایک کوما بھی تبدیل نہیں کیا جاسکتا۔بعدازاں سندھ ہائیکورٹ نے ڈاکٹر عاصم کی پاسپورٹ جمع نہ کرانے کی درخواست مسترد کرتے ہوئے معاملہ چیف جسٹس سندھ ہائی کورٹ کو بھیج دیا تھا۔

انسداد دہشت گردی کی خصوصی عدالت نے آج ہائی کورٹ کے احکامات کی روشنی میں ڈاکٹر عاصم حسین کے پاسپورٹ واپس کرنے کے احکامات جاری کیے، جس کے بعد ڈاکٹر عاصم کے پاسپورٹس ناظر ہائی کورٹ کے پاس جمع کرائے گئے اور قانونی تقاضے پورے کیے جانے کے بعد کرپشن مقدمات میں ڈاکٹر عاصم کی رہائی کے احکامات جاری کردیئے گئے۔ یاد رہے کہ ڈاکٹر عاصم حسین کو 26 اگست 2015 کو ا±س وقت حراست میں لیا گیا تھا جب وہ صوبائی ہائیر ایجوکیشن کمیشن (ایچ ای سی) کے ایک اجلاس کی صدارت کررہے تھے۔

27 اگست کو رینجرز نے انہیں دہشت گردوں کے علاج کے الزام میں کراچی کی انسداد دہشت گردی کی عدالت میں پیش کرکے 90 روز کا ریمانڈ حاصل کیا تھا۔بعد ازاں 29 اگست کو رینجرز نے انسداد دہشت گردی کی عدالت میں سابق وفاقی وزیر پیٹرولیم اور ہائیر ایجوکیشن کمیشن (ایچ ای سی) سندھ کے چیئرمین ڈاکٹر عاصم حسین کی میڈیکل رپورٹ پیش کی تھی جس میں ان کو صحت مند قرار دیا گیا تھا۔

ریمانڈ کے دوران ڈاکٹر عاصم حسین کی جانب سے سپریم کورٹ میں بھی بیماری کے باعث جیل سے ہسپتال منتقل کرنے کی درخواست دائر کی گئی، تاہم ڈاکٹرز کی رپورٹ میں انھیں صحت مند قرار دیئے جانے کے باعث عدالت نے ان کی یہ درخواست مسترد کردی تھی۔بعدازاں ڈاکٹر عاصم کے خلاف کرپشن، دہشت گردوں کی مالی معاونت اور ان کے علاج کے الزامات پر کراچی کے نارتھ ناظم آباد تھانے میں انسداد دہشت گردی دفعات کے تحت مقدمہ درج کیا گیا تھا۔

رینجرز کا ریمانڈ مکمل ہونے کے بعد نیب نے کرپشن کے مختلف الزامات کے تحت ڈاکٹر عاصم حسین کو حراست میں لیا تھا اور ان کے خلاف اربوں روپے کرپشن کے 2 ریفرنسز بھی دائر کیے گئے۔ڈاکٹر عاصم حسین، پاکستان پیپلز پارٹی (پی پی پی) کے شریک چیئرمین اور سابق صدر آصف زرداری کے قریبی ساتھی ہیں اور ان کی گرفتاری کو کراچی میں جاری آپریشن کے دوران پیپلز پارٹی قیادت کے خلاف پہلا بڑا ایکشن قرار دیا گیا۔

ڈاکٹر عاصم حسین 2009 میں پیپلز پارٹی کے ٹکٹ پر سندھ سے سینیٹر منتخب ہوئے، انھوں نے 2012 تک وزیر پیٹرولیم و قدرتی وسائل اور وزیراعظم کے مشیر برائے پیٹرولیم کے فرائض انجام دیئے۔2012 میں وہ سینیٹ سے اس وقت مستعفی ہو گئے تھے جب سپریم کورٹ نے دہری شہریت پر اراکین پارلیمنٹ کو نااہل قرار دیا تھا، ذرائع کا کہنا تھا کہ ان کے پاس کینیڈا کی بھی شہریت تھی۔پیپلز پارٹی نے 2013 کے عام انتخابات کے بعد انھیں سندھ کے ہائیر ایجوکیشن کمیشن کا چیئرمین مقرر کیا تھا۔