چینی اور امریکی صدور کی پہلی ملاقات 6 اپریل کو ہو گی

صدر شی چن پھنگ

جمعہ 31 مارچ 2017 12:39

چینی اور امریکی صدور کی پہلی ملاقات 6 اپریل کو ہو گی
بیجنگ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔ 31 مارچ2017ء) چین کے صدر شی چن پھنگ اور امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے درمیان پہلی ملاقات 6 اور 7اپریل کو امریکی شہر فلوریڈا میں ہو گی ، چین کو توقع ہے کہ چین کے صدر شی چن پھنگ اور ان کے ہم منصب امریکی صدر ڈونلڈٹرمپ کے درمیان آئندہ ہونے والی ملاقات دونوں ملکوں کے دوطرفہ تعلقات کی درست سمت متعین کر دے گی ، جب سے امریکی کی نئی حکومت نے اقتدار سنبھالا ہے دونوں سربراہان مملکت کے درمیان یہ پہلی ملاقات ہو گی ۔

یہ بات چین کے نائب وزیر خارجہ زینگ زی گوانگ نے یہاں ایک پریس بریفنگ میں بتائی ہے۔نائب وزیر خارجہ کا کہنا ہے کہ 6اور 7اپریل کو چین کے صدر شی چن پھنگ امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے ساتھ امریکی شہر فلوریڈا میں ملاقات کریں گے ، موجودہ بین الاقوامی صورتحال میں کافی پیچیدگیاں ہیں تا ہم دونوں رہنمائوں کی یہ ملاقات دونوں ملکوں کے تعلقات میں ایک نئے دور کا آغاز ہو گا ،دوطرفہ تعلقات صحت مندانہ اور مستحکم انداز میں فرو غ پائیں گے جس سے ایشیاء بحرالکاہل اور عالمی سطح پر امن ، استحکام اور خوشحالی کو فروغ حاصل ہو گا ، دونوں ملکوں کے رہنماء عالمی اور علاقائی معاملات اور باہمی دلچسپی کے امور کے علاوہ باہمی مفاہمت اور دوطرفہ تعاون کے فروغ کے لئے بات چیت کریں گے ، چین کے صدر شی چن پھنگ اور خاتون اول پینگ لی یوآن امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ اور ان کی اہلیہ میلانیہ ضیافت کے لئے آمد پر ان کا خیر مقدم کریں گے ۔

(جاری ہے)

چینی نائب وزیر خارجہ نے کہا ہے کہ چین اور امریکہ دونوں کو یقین ہے کہ وہ بہت اچھے شراکت دار بن سکتے ہیں بشرطیکہ دونوں ممالک باہمی احترام ، دوطرفہ تعاون اور عدم تصادم کے اصولوں پر چلتے رہیں ۔دریں اثنا وائٹ ہائوس نے بھی دونوں رہنمائوں کے درمیان 6 اور 7اپریل کو فلوریڈا میں ہونے والی ملاقات کی تصدیق کر دی ہے اور کہا ہے کہ اس ملاقات کے ذریعے صدر ٹرمپ کو چینی صدر کے ساتھ ذاتی تعلقات کو آگے بڑھانے کا موقع ملے گا ۔