جہانگیر ترین اپنے دور کے کرپٹ ترین وزیر تھے جنہوں نے پرویز مشرف کے دور میں اپنے قرضے معاف کرائے،یہ لوگ چوری کریں، ڈاکے ماریں یا اپنے بچوں کو کروڑوں کے تحفے دیں تو وہ سب حلال ہو جاتا ہے،وزیر مملکت برائے پانی و بجلی عابد شیر علی کی نجی ٹی وی چینل سے گفتگو

جمعرات 30 مارچ 2017 23:25

جہانگیر ترین اپنے دور کے کرپٹ ترین وزیر تھے جنہوں نے پرویز مشرف کے دور ..
اسلام آباد ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 30 مارچ2017ء) وزیر مملکت برائے پانی و بجلی عابد شیر علی نے کہا ہے کہ ہم پر کرپشن کے الزامات لگانے والے جہانگیر ترین اپنے دور کے کرپٹ ترین وزیر تھے جنہوں نے پرویز مشرف کے دور میں اپنے قرضے معاف کرائے۔ یہ لوگ چوری کریں، ڈاکے ماریں یا اپنے بچوں کو کروڑوں کے تحفے دیں تو وہ سب حلال ہو جاتا ہے۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے جمعرات کو ایک نجی ٹی وی چینل سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے کہا کہ عمران خان کے ارد گرد قبضہ مافیا اور کرپٹ ترین لوگ موجود ہیں جو دوسروں پر تو الزام لگاتے ہیں لیکن خود اپنے گریبان میں نہیں جھانکتے۔ انہوں نے کہا کہ پانامہ کیس عدالت میں ہے جس کا فیصلہ آئین و قانون اور ثبوتوں کی بنیاد پر ہی ہو گا، قیاس آرائیوں اور اخباری تراشوں کی مدد سے لگائے گئے الزامات بے بنیاد ہیں جن سے کچھ حاصل نہیں ہو گا۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ اداروں کو بدنام کرنے کا ٹھیکہ پی ٹی آئی نے لے رکھا ہے۔ بہتر تو یہی ہے کہ میچ فکسنگ کرنے والے ہمیں درس نہ دیں کیونکہ ان کے بارے میں سب جانتے ہیں۔ وزیر مملکت کا کہنا تھا کہ عمران خان صرف الزامات لگاتے ہیں ثبوت نہیں دیتے اور یہ بات وہ خود بھی کہہ چکے ہیں کہ ہمارا کام تو صرف الزام لگانا ہی ہے ثبوت فراہم کرنا تو نہیں۔ انہوں نے کہا کہ بہتان تراشی کرنے والے کی معافی نہیں ہو گی اس لیے ہمیں بہتان تراشی سے گریز کرنا چاہیئے۔

انہوں نے کہا کہ پانامہ کیس پر کچھ عناصر صرف سیاست کر رہے ہیں حالانکہ پانامہ پیپرز میں وزیراعظم محمد نواز شریف کا نام کہیں بھی موجود نہیں لیکن اس کے باوجود انہوں نے خود کو احتساب کے لیے پیش کیا۔ عابد شیر علی کا کہنا تھا کہ دھرنے والوں نے پی ٹی وی پر حملہ کیا اور پارلیمنٹ پر بھی حملہ کیا لیکن وزیراعظم محمد نواز شریف نے اس وقت بھی تحمل و برداشت کا مظاہرہ کیا اور ان عناصر کا بھرپور استقامت سے جواب دیا، وزیراعظم محمد نواز شریف اللہ تعالیٰ کے حضور سجدہ ریز ہوئے اور سرخرو بھی ہوئے کیونکہ ان کا دامن صاف تھا۔

اب بھی ہم پرعزم ہیں کہ ہم عدالتوں سے سرخرو ہوں گے کیونکہ ہمارے اوپر لگائے جانے والے تمام الزمات بے بنیاد اور جھوٹے ہیں اور اس حوالے سے تحریک انصاف عدالت میںکوئی ٹھوس ثبوت بھی پیش نہیں کر سکی۔