جیلانی پارک لاہورمیں گلاب کی تیسری سالانہ نمائش کا افتتاح

جمعرات 30 مارچ 2017 23:25

لاہور۔30 مارچ(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 30 مارچ2017ء)جیلانی پارک میں کمشنر لاہور جناب عبداللہ خان سنبل نے گلاب کی تیسری سالانہ نمائش کا افتتاح کیا۔اس موقع پر افتخار احمد وائس چیئر مین پی ایچ اے ،میاں شکیل احمدDG پی ایچ اے،ناہید گل بلوچ ایڈیشنل ڈائریکٹر جنرل پی ایچ اے،میڈم نوشین سرفراز(ممبر بورڈ آف ڈائریکٹر) اور تمام ڈائریکٹر ہارٹیکلچر بھی ان کے ہمراہ موجود تھے۔

اس خوبصورت نمائش میں گلاب کی کم و بیش 100 اقسام کے پھول رکھے گئے ہیں۔یہ نمائش ایک ہفتہ تک جاری رہے گی۔وائس چیئرمین پی ایچ اے نے اپنی والدہ محترمہ نسیمہ خانم کے نام سے حوصلہ افزائی انعامات کو منصوب کیا اور ذاتی طور پر اپنی جیب سے پہلا انعام نسیمہ خانم ایوارڈ برائے افزائشِ گلاب 15000 روپے نقدZone5 ، دوسرا انعام نسیمہ خانم ایوارڈ10000 روپیZone 4 اور اسی طرح تیسرا انعام بھی نسیمہ خانم ایوارڈ 5000 روپے نقدZone 3 کو دئیے۔

(جاری ہے)

اسی طرح نمائش میں شرکت اور محنت کرنے والے 28 مالی حضرات میں تعریفی اسناد اور 2000 فی کسبھی تقسیم کئے گئے لاہور میں گلاب کی افزائش کے ایک بڑے نامور نام جناب ابراہیم چھانگا نے خصوصی شرکت کی اورPHA کو ایک ہزار گلاب کا تحفہ پیش کیا۔مہمانِ خصوصی نے اپنی تقریر میں نمائش کے اہتمام کو سراہا اور اس کے کامیاب انعقاد پر انتظامیہ کو مبارک باد دی اور کہا کہ حکومت کا عزم ہے کہ لاہور کو ایک بار پھر پھولوں اور پودوں کا شہر بنا یا جائے گا۔وائس چیئر مین پی ایچ اے افتخار احمد نے کہا کہ گلاب کا پھول برِ صغیر میں اپنی خوبصورتی کی وجہ سے افسانوی حیثیت رکھتا ہے اور لاہور میں گلاب سمیت دیگر مقامی پھول مثلاًً موتیا ،سورج مکھی کو بھی زیادہ سے زیادہ ترویج دی جائے گی۔