اسمال ٹریڈرز کے رہنماﺅں کاکے الیکٹرک کے خلاف آج کے احتجاجی دھرنے میں شرکت کا اعلان

کراچی میں کاٹیج انڈسٹریز کی تباہی ،بے روز گاری اور مہنگائی کی ذمہ دار کے الیکٹرک انتظامیہ ہے ۔ محمود حامد

Mian Nadeem میاں محمد ندیم جمعرات 30 مارچ 2017 22:54

اسمال ٹریڈرز کے رہنماﺅں کاکے الیکٹرک کے خلاف آج کے احتجاجی دھرنے میں ..
 کراچی(اردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین-انٹرنیشنل پریس ایجنسی۔30 مارچ۔2017ء) آل پاکستان آرگنائزیشن آف اسمال ٹریڈرز اینڈ کاٹیج انڈسٹریز کے صدر محمود حامد ، نائب صدور نوید احمد ،بابر بنگش اور عبدالماجد نے مطالبہ کیا ہے کہ کے الیکٹرک کی لوٹ مار ،دھاندلیوں اور معیشت دشمن اقدامات کی عدالتی تحقیقات کرائی جائے،اسمال ٹریڈرز کے رہنماﺅں نے کے الیکٹرک کی ہٹ دھرمیوں اور لوٹ مار کے خلاف ہونے والے جماعت اسلامی کے دھرنے کی حمایت کی ہے اور اس میں بھرپور شرکت کا اعلان کیا ہے ،اسمال ٹریڈرز کے رہنماﺅں نے کہا ہے کہ کراچی میں کاٹیج انڈسٹریز کی تباہی ،بے روز گاری اور مہنگائی کی ذمہ دار کے الیکٹرک کی انتظامیہ ہے ،جس نے اوور بلنگ، میٹر ٹیمپرنگ اور ایکسٹرا لوڈ کے نام پر عوام اور کراچی کے تاجروں کو دونوں ہاتھوں سے لوٹا ہے اور بجلی کے نرخوں میں اتنا اضافہ کردیا ہے کہ ملک میں چلنے والی کاٹیج انڈسٹریز کی پیداواری لاگت درآمدی اشیاءسے کئی گنا زیادہ ہوگئی ہے ، جس کے باعث ملکی صنعتیں بند ہوگئیں ہیں اور ملک کوبیرونی مال کی منڈی بنادیا گیا ہے ،تاجر رہنماﺅں نے کہا ہے کہ کے الیکٹرک ایک قومی ادارہ ہے جو عوام کے پیسے سے عوام کے ڈیپازٹ بلوں سے وجود میں آیا ہے مگر انتظامیہ نے ہزاروں ٹن تانبے کے تار فروخت کرکے المونیم کے تار لگا کر اس ادارے کو معیا ر کو ختم کردیا ہے اور اس لوٹ مار کا حساب لینے والا کوئی نہیں ہے ،کے الیکٹرک کی نا اہلی کے سبب کراچی میں ہیٹ اسٹروک کی وجہ سے ساڑھے تین ہزار شہری ہلاک ہوئے مگر ذمہ داروں کے خلاف کوئی کاروائی نہیں ہوئی ۔

(جاری ہے)

تاجر رہنماﺅں نے کہا کہ حکومت ، نیپرا اور کے الیکٹرک کی ملی بھگت کے باعث کراچی کے عوام کو نئے انداز سے لوٹنے کے منصوبے بنائے جارہے ہیں لیکن اب عوام اس لوٹ مار کوبرداشت نہیں کریں گے ۔کے الیکٹرک بدعنوان اور کرپٹ انتظامیہ کا ہر موڑ پر گھیرا تنگ کریں گے اور کراچی میں اوور بلنگ ، میٹر ٹیمپرنگ ،لوڈ شیڈنگ اور دیگر ناجائز حربوں کو ہر گز برداشت نہیں کیا جائے گا ۔تاجر رہنماوں نے تاجروں سے اپیل کی ہے کہ کل بروز جمعہ شاہراہ قائدین نرسری میں کے الیکٹرک کے خلاف احتجاجی دھرنے میں بھرپور شرکت کریں ۔