آئی سی سی چیمپیئنز ٹرافی کراچی پہنچ گئی، تقریب رونمائی نیشنل اسٹیڈیم، کراچی یونیورسٹی اور ایدھی سینٹر میں منعقد کی گئی

سرفراز احمد بہترین کپتانی کر رہے ہیں، وہ تینوں فارمیٹ میں کامیاب ہو سکتے ہیں،مصباح الحق پاکستانی ٹیم چیمپئنز ٹرافی کے سیمی فائنل اور فائنل تک جانے کی صلاحیت رکھتی ہے،یونس خان جس طرح ٹرافی پاکستان آئی ہے، اسی طرح پاکستان اس ٹرافی کو جیت کر لائے تو زیادہ خوشی ہوگی،شاہد آفریدی

جمعرات 30 مارچ 2017 23:25

آئی سی سی چیمپیئنز ٹرافی کراچی پہنچ گئی، تقریب رونمائی نیشنل اسٹیڈیم، ..
کراچی ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 30 مارچ2017ء) آئی سی سی چیمپیئنز ٹرافی کراچی پہنچ گئی، تقریب رونمائی نیشنل اسٹیڈیم، کراچی یونیورسٹی اور ایدھی سینٹر میں منعقد کی گئی۔ تفصیلات کے مطابق آئی سی سی چیمپیئنز ٹرافی کی کراچی میں جمعرات کو تین مقامات نیشنل اسٹیڈیم، کراچی یونیورسٹی اور ایدھی سینٹر میں تقریب رونمائی منعقد کی گئی۔

نیشنل اسٹیڈیم میں پاکستان کی ٹیسٹ ٹیم کے کپتان مصباح الحق ٹرافی کو تھام کر رونمائی کی۔ تقریب میں کراچی سٹی کرکٹ ایسوسی ایشن کے عہدیداروں کے علاوہ اسپورٹس کے تعلق رکھنے والی دیگر اعلیٰ شخصیات بھی موجود تھیں۔ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے مصباح الحق نے کہا کہ سرفراز احمد بہترین کپتانی کر رہے ہیں، وہ تینوں فارمیٹ میں کامیاب ہو سکتے ہیں، پاکستان کی ٹیم ورلڈ کپ میں با آسانی جگہ بنالے گی، پاکستان اور بھارت میں کرکٹ ہونی چاہئے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ میں پرامید ہوں کہ پاکستان کی ٹیم انگلینڈ میں ہونے والی چیمپئنز ٹرافی جیت کر یہ ٹرافی پاکستان لے کر آئے گی، سرفراز اینڈ کمپنی یہ کارنامہ انجام دے سکتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ سرفراز احمد نے ٹی 20 میچوں میں بہترین کپتانی کی ہے، لڑکے بھی متحد ہو کر کھیل رہے ہیں اور کئی اچھے فیصلے کئے ہیں اس لئے مین سمجھتا ہوں کہ ون ڈے سیریز میں بھی پاکستان کی ٹیم ویسٹ انڈیز کو ہرا سکتی ہے اور اس طرح پاکستان با آسانی ورلڈ کپ میں جگہ بنالے گا۔

مصباح الحق نے کہا کہ میں نے ابتک ٹیسٹ کیریئر کے بارے میں کوئی فیصلہ نہیں کیا تاہم سرفراز احمد میرے بعد اس فارمیٹ میں بھی کامیاب ہو سکتے ہیں، انہیں اعتماد دینے کی ضرورت ہے، ویسٹ انڈیز کے خلاف ٹیسٹ سیریز دلچسپ ہوگی ۔قبل ازیں آئی سی سی چیمپئن ٹرافی کراچی یونیورسٹی پہنچی جہاں پروقار انداز میں ٹرافی کی رونمائی کی گئی۔ سابق کپتان یونس خان آئی سی سی ٹرافی کے ہمراہ تھے۔

انہوں نے ٹرافی کو دونوں ہاتھوں میں اٹھا کر پاکستان ٹیم کے لئے نیک خواہشات کا اظہار کیا۔ صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ پاکستانی ٹیم چیمپئنز ٹرافی کے سیمی فائنل اور فائنل تک جانے کی صلاحیت رکھتی ہے، چیمپئن ٹرافی میں پاکستان اور بھارت کا میچ اچھا ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ جتنی کرکٹ کھیلی اس کے بعد یہی کہوں گا کہ اب ونڈے کرکٹ کو مس نہیں کرتا میرے لئے دعا کریں کہ میں جلد ٹیسٹ کرکٹ میں دس ہزار رنز مکمل کر لوں۔

انہوں نے مزید کہا کہ میری خواہش ہے کہ عبد الستار ایدھی کی طرح لوگوں کی خدمت کروں۔ ایک سوال کے جواب میں یونس خان نے کہا کہ سرفراز کو تینوں فارمیٹ اور طویل مدت کے لئے کپتان مقرر کیا جائے، سرفراز کے پاس اچھا موقع ہے کہ وہ پاکستان کو ایک قدم اور آگے لے کر جائے۔ اس سے پہلے ٹرافی عبدالستار ایدھی سینٹرلائی گئی جہاں لیجنڈ کرکٹر شاہد آفریدی، فیصل ایدھی، بلقیس ایدھی اور ایدھی سینٹر کے بے سہارا بچے بھی موجود تھے۔

اس موقع پر ایدھی ہوم کے بچے شاہد آفریدی کو اپنے درمیان دیکھ کر بہت خوش ہوئے اور انہوں نے بوم بوم آفریدی کے نعرے بھی لگائے جبکہ شاہد آفریدی بھی بچوں کے درمیان گھل مل گئے۔ بعدازاں صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے شاہد آفریدی نے کہا کہ جس طرح ٹرافی ابھی پاکستان آئی ہے، اسی طرح پاکستان اس ٹرافی کو جیت کر لائے تو زیادہ خوشی ہوگی۔ انہوں نے کہا کہ آئی سی سی چیمپیئنز ٹرافی میں پاکستان اور بھارت کے درمیان کھیلے جانے والے میچ کو دیکھنے کے لئے انگلینڈ ضرور جائوں گا۔

شاہد آفریدی نے کہا کہ پشاور زلمی سے علیحدگی اختیار کرنا ان کا ذاتی فیصلہ ہے، پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) میں کونسی فرنچائز کے ساتھ کھیلوں گا اس کا فیصلہ ابھی نہیں کیا ۔ قبل ازیں شاہد آفریدی آئی سی سی چیمپئنز ٹرافی کے ہمراہ ایدھی ہوم کھارادر پہنچے اور بلقیس ایدھی سے ملاقات کر کے ان کی خیریت دریافت کی۔ اس موقع پر شاہد آفریدی ایدھی ہوم میں بچوں سے گھل مل گئے اور ان کے ساتھ تصاویر بھی بنوائیں۔

سابق کپتان شاہد آفریدی نے بلقیس ایدھی اور فیصل ایدھی سے ملاقات کر کے عبدالستار ایدھی کے انتقال پر تعزیت کی۔ واضح رہے کہ آئی سی سی چیمپیئنز ٹرافی 2017ء کا انعقاد رواں سال جون میں لندن اور ویلز میں کھیلی جائے گی۔ اس سلسلے میں ٹرافی چیمپیئنز شپ کھیلنے والے تمام ممالک میں لے جائی جاتی ہے۔