23 ویں مڈ کیرئیر مینجمنٹ کورس کے 18ویں گریڈ کے شرکاء کا ایوانِ صنعت و تجارت سکھر کا دورہ

جمعرات 30 مارچ 2017 23:22

سکھر۔ 30مارچ(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 30 مارچ2017ء) 23 ویں مڈ کیرئیر مینجمنٹ کورس کے 18 ویں گریڈ کے شرکاء اپنے پاکستان اسٹڈی ٹورکے سلسلہ میں ایوانِ صنعت و تجارت سکھر کا دورہ کیا، جاری کردہ اعلامیہ کیمطابق ایوان صنعت و تجارت سکھر کے ممبران و عہدیدران نے کورس کے شرکاء کو ایوان میں خوش آمدید کہا ۔ اس موقع پر ایوان کے نائب صدر محمد خالد کاکیزئی نے سکھر ریجن کی جغرافیائی موزونیت اور کاروباری مرکز ی حیثیت جبکہ سندھ ، پنجاب ، بلوچستان کے سنگم پر واقع ہونے اور تینوں صوبوں کے تاجروں کے مفادات سکھر سے وابسطہ ہونے پر اظہارِ خیال کیا۔

اُنہوں نے سکھر ایوانِ صنعت و تجارت کی ریجن میں تجارتی و صنعتی سرگرمیوں میں اضافے کیلئے کی گئی کاوشوں پر روشنی ڈالتے ہوئے مہمان وفد کو آگاہ کیا کہ سکھر میں صنعتی علاقوں کے قیام اور ایکسپورٹ پراسیسنگ زون کے ساتھ ساتھ سکھر ڈرائی پورٹ کے قیام میں کلیدی کردار ادا کر رہا ہے۔

(جاری ہے)

اس سلسلے میں سکھر ایوانِ صنعت و تجارت سیالکوٹ اور ملتان ایوانہائے صنعت و تجارت کی سرکردگی میں قائم ہونے والے ڈرائی پورٹس پر مشاورت سے مستفید ہو رہا ہے۔

ایوان کے نائب صدر نے سکھر کے قبل از پاکستان سے تجارتی دریائی گزرگاہ کی حیثیت اورنمایاں تجارتی منڈی ہونے سے بھی آگاہ کیا ۔اس موقع پر نائب صدرِ ایوان اور نیشنل انسٹیٹیوٹ آف منیجمنٹ ، کراچی کی ایڈیشنل ڈائریکٹنگ اسٹاف محترمہ ثمینہ انتظارنے اپنے اداروں کی یادگاری شیلڈز پیش کیں۔کورس کے شرکاء کے اعزاز میں ایوان نے عشایہ کا اہتمام کیا۔ اس موقع پر سابق صدور محمد دین، انجینئر عبدالفتاح شیخ،عامر علی خان غوری، اراکینِ ایوان علی بخش خان مہر، محمد رفیق ڈوسانی،عرفان صمد، رہیم بخش بھٹو اور سیکریٹری ایوان اسرار حسین بھٹی موجود تھے۔