وزیر مملکت مریم اورنگزیب کی ملک کے مختلف حصوں میں صحافیوں اور صحافتی اداروں کی تضحیک کی شدید مذمت

وزیراعظم محمد نواز شریف کی ہدایات پر پاکستان کے اندر صحافت کی آزادی کے ساتھ ساتھ صحافیوں کے حقوق متاثر نہیں ہونے دوں گی‘صحافیوں اور صحافتی اداروں کی سکیورٹی اور سیفٹی کے لئے وزارت اطلاعات ہر ممکن صلاحیتیں بروئے کار لارہی ہے ‘چیف سیکرٹری گلگت بلتستان سے بات ہو گئی ہے‘آج سے گلگت بلتستان کے بند ہونے والے اخبارات کی اشاعت دوبارہ شروع ہو جائے گی‘جی بی کے اخبارات کی بقایا ادائیگیوں کی ایک قسط ادا ہو گئی ‘باقی ادائیگی بھی وزیراعلی جی بی کے وطن واپس پہنچتے ہی کر دی جائے گی‘صحافیوں پر قائم مقدمات کے حوالے سے آئین اور قانون کے مطابق تحفظات دور کرنے لئے پریس انفارمیشن ڈیپارٹمننٹ کو ذمہ داری سونپ دی گئی ہے ‘ہر موقع پر صحافیوں کے جائز مطالبات پر صحافیوں کے ساتھ کھڑی ہوتی ہوں اور کھڑی رہوں گی۔ وزیر مملکت برائے اطلاعات‘نشریات و قومی ورثہ مریم اورنگزیب کا پارلیمنٹ ہائوس کے باہر پی ایف یو جے کے زیر اہتمام آزادی صحافت ریلی سے خطاب عمران خان کی جانب سے صحافی سے بدسلوکی ‘حملے پر غیر مشروط معافی نہ مانگی گئی تو (آج) جمعہ کو بنی گالہ اور پی ٹی آئی دفتر کے باہر بھر پور احتجاج کریں گے،صدر پی ایف یو جے افضل بٹ

جمعرات 30 مارچ 2017 23:19

وزیر مملکت مریم اورنگزیب کی ملک کے مختلف حصوں میں صحافیوں اور صحافتی ..
اسلام آباد ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 30 مارچ2017ء) وزیر مملکت برائے اطلاعات‘نشریات و قومی ورثہ مریم اورنگزیب نے ملک کے مختلف حصوں میں صحافیوں اور صحافتی اداروں کی تضحیک کی شدید مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ وزیراعظم محمد نواز شریف کی ہدایات پر پاکستان کے اندر صحافت کی آزادی کے ساتھ ساتھ صحافیوں کے حقوق متاثر نہیں ہونے دوں گی‘صحافیوں اور صحافتی اداروں کی سکیورٹی اور سیفٹی کے لئے وزارت اطلاعات ہر ممکن صلاحتیں بروئے کار لارہی ہے ‘چیف سیکرٹری گلگت بلتستان سے بات ہو گئی ہے‘(آج) جمعہ سے گلگت بلتستان کے بند ہونے والے اخبارات کی اشاعت دوبارہ شروع ہو جائے گی‘جی بی کے اخبارات کی بقایا ادائیگیوں کی ایک قسط ادا ہو گئی ‘باقی ادائیگی بھی وزیراعلی جی بی کے وطن واپس پہنچتے ہی کر دی جائے گی‘صحافیوں پر قائم مقدمات کے حوالے سے تحفظات قانون اور آئین کے مطابق دور کرنے لئے پریس انفارمیشن ڈیپارٹمننٹ کو ذمہ داری سونپ دی گئی ہے ‘ہر موقع پر صحافیوں کے جائز مطالبات پر صحافیوں کے ساتھ کھڑی ہوتی ہوں اورکھڑی رہوں گی۔

(جاری ہے)

وہ جمعرات کو پارلیمنٹ ہائوس کے باہر پی ایف یو جے کے زیر اہتمام آزادی صحافت ریلی سے خطاب کر رہی تھیں۔پی ایف یو جے کے صدر افضل بٹ ‘نیشنل پریس کلب کے صدر شکیل انجم ‘دیگر صحافتی گروپوں کے قائدین اور سینکڑوں صحافی اس موقع پر موجود تھے۔صحافی برادری نے صدر پی ایف یو جے افضل بٹ کی قیادت میں نیشنل پریس کلب اسلام آباد سے ریلی نکالی -وزیر مملکت مریم اوررنگزیب نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان کے کسی بھی کونے میں کسی بھی صحافی کا مطالبہ میرا مطالبہ ہے ‘ ہر جائز مطالبے پر میں صحافیوں کے ساتھ کھڑی رہتی ہوں اور کھڑی رہوں گی۔

انہوں نے کہا کہ وزیراعظم محمد نواز شریف کی ہدایات پر پاکستان کے اندر صحافت کی آزادی کے ساتھ ساتھ صحافیوں کے حقوق متاثر نہیں ہونے دوں گی۔انہوں نے کہا کہ آزادی صحافت ریلی میں 4مطالبات سامنے رکھے گئے ہیں‘جن میں پہلا مطالبہ گلگت بلتستان کے اخبارات کی بقایا جات کی ادائیگی کا ہے ‘میری چیف سیکرٹری گلگت بلتستان سے بات ہوئی ہے ‘گلگت بلتستان کے تمام اخبارات کے بقایا جات کی ایک قسط ادا کر دی گئی ہے ‘باقی ادائیگی بھی وزیراعلی گلگت بلتستان کی وطن واپسی پر کر دی جائے گی۔

صحافیوں کے دوسرے مطالبہ کے حوالے سے وزیر مملکت کا کہنا تھا کہ گلگت بلتستان کے جن جن اخبارات کی بندش ہے‘اس پر میں یقین دہانی کراتی ہوں کہ (آج) جمعہ سے گلگت بلتستان میں بند کیے گئے تمام اخبارات کی دوبارہ سے اشاعت شروع ہوجائے گی۔صحافیوں کے تیسرے اور چوتھے مطالبے جن میں صحافیوں پر مقدمات کا اندراج ہے، وزیر مملکت مریم اورنگزیب نے کہا کہ اس حوالے سے پریس انفارمیشن ڈیپارٹمنٹ کو بھی ذمہ داری سونپ دی گئی ہے کہ وہ اس حوالے سے صحافیوں کے تحفظات کو دور کرنے کے لئے اپنا کردار ادا کرے۔

انہوں نے کہا کہ صحافیوں کو مکمل سکیورٹی فراہم کی جائے گی اور صحافیوں پرقائم مقدمات کو قانون کے مطابق حل کریں گے۔انہوں نے کہا کہ گلگت بلتستان سے صحافیوںپر قائم کیسز کی مکمل تفصیلات منگوائی جارہی ہیں جس میں کیس کی وجہ ‘گرفتاری سمیت ہر معلومات دی جائے گی ‘اگر کسی بھی قسم کا جرم ہے تو وہ بھی بتایا جائے گا‘بغیر کسی وجہ کے صحافیوں کے خلاف اس طرح کی کارروائی غیر مناسب قدم ہوتا ہے۔

پی ایف یو جے کے صدر افضل بٹ نے اپنے خطاب میں کہا کہ وزیرمملکت اطلاعات و نشریات مریم اورنگزیب کی یقین دہانی پر میں گلگت بلتستان کے تمام صحافتی اداروں کو یہ پیغام دیتا ہوں کہ وہ ابھی سے اپنے دفاتر کھولیں اور خبروں کو جمع کر کے (آج) جمعہ کو اپنی اخبارات کی اشاعت کو یقینی بنائیں۔پی ایف یو جے کے صدر افضل بٹ نے کہا کہ گذشتہ روز عمران خان کی پریس کانفرنس میں ایک صحافی سے سوال پوچھنے پر جو بدسلوکی کی گئی اس کی شدید مذمت کرتے ہیں اور پی ٹی آئی قیادت کو 24گھنٹوں کی ڈیڈ لائن دیتے ہیں اگر اس دوران پی ٹی آئی قیادت کی جانب سے غیر مشروط معافی نہ مانگی گئی تو (آج) جمعہ کو پی ٹی آئی کے مرکزی دفتر اور بنی گالہ کے باہر صحافتی برادری بھر پور احتجاج کے ساتھ ساتھ ملک بھر میں احتجاج کی کال بھی دے گی۔

نیشنل پریس کلب کے صدر شکیل انجم ‘سیکرٹری جنرل عمران ڈھلوں ‘سینئر نائب صدر آصف علی بھٹی ‘شہریار خان سمیت دیگر صحافتی تنظیموں کے راہنمائوں نے بھی شرکاء سے خطاب کیا۔شرکاء نے ہاتھوں میں بینرز اور کتبے اٹھائے ہوئے تھے جن پر صحافیوں سے بدسلوکی کے خلاف نعرے درج تھے۔