طورخم بارڈرپرکھڑے کنٹینرزڈرائیورزکوپاسپورٹ کیلئے دوماہ کا وقت دیاجائے، ضیاء الحق سرحدی

جمعرات 30 مارچ 2017 23:12

پشاور۔30مارچ(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 30 مارچ2017ء)پاک افغان جائنٹ چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے سینئر نائب صدر اور سرحد چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کی ریلوے اور ڈرائی پورٹ سٹینڈنگ کمیٹی کے چیئرمین اور آل پاکستان کسٹمز ایجنٹس ایسوسی ایشن پاکستان کے مرکزی نائب صدر ضیاء الحق سرحدی نے وزیراعظم میاں محمد نوازشریف اور آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ سے اپیل کی ہے کہ طورخم بارڈر پر جن کنٹینرز ڈرائیورز کے پاس پاسپورٹ نہیں ہیں اُنہیں 2ماہ کا وقت دیا جائے کیونکہ پاک افغان بارڈر کی بندش سے تاجروں کو پہلے ہی کروڑوں روپے کا نقصان ہوا ہے اور اب پاسپورٹ نہ ہونے کی وجہ سے کنٹینروں میں موجوداموال نہ صرف خراب ہو رہے ہیں بلکہ تاخیر کے باعث قابل فروخت بھی نہیں رہیں گے ۔

(جاری ہے)

ایک بیان میں ضیاء الحق سرحدی نے 32 روز کے بعد وزیراعظم محمد نوازشریف اور پاک فوج کے سربراہ جنرل قمر جاوید باجوہ کی جانب سے طورخم بارڈر پر جذبہ خیر سگالی کے طور پرکھولنے کے اقدام پر ان کا شکریہ ادا کیا اور کہا کہ وزیراعظم نوازشریف کی جانب سے پاک افغان بارڈر کھولنے کے احکامات کی وجہ سے تاجروں کو مزید کروڑوں روپے کے نقصانات سے تو بچالیاگیا ہے لیکن اب ٹرک ڈرائیوروں اور کلینرز سے پاسپورٹ کی طلبی کی وجہ سے بارڈر پر کھڑے کنٹینرز افغانستان ایکسپورٹ ہونے سے رُکے ہوئے ہیں اور اُن میں پڑے ہوئے اموال خراب ہو رہے ہیں ۔

ضیاء الحق سرحدی جو کہ فرنٹیئر کسٹمز ایجنٹس گروپ خیبر پختونخوا کے صدربھی ہیں نے کہا کہ دونوں ممالک کے درمیان کشیدگی کے خاتمے اور اعتماد سازی کیلئے ایک میکنزم کی اشد ضرورت ہے۔ ضیاء الحق سرحدی نے وزیراعظم نوازشریف اور پاک فوج کے سربراہ جنرل قمر جاوید باجوہ سے اپیل کی کہ وہ پاکستان کی ترقی اور خوشحالی اور پاک افغان باہمی تجارت کے فروغ کے لئے کنٹینرز ڈرائیورز کو پاسپورٹ بنانے کے لئے 2 ماہ کی رعایت دی جائے اور جو کنٹینرز بارڈر پر کھڑے ہیں انہیں افغانستان لے جانے کی اجازت دی جائے اور افغانستان سے پاکستان بارڈ ر کراس کرنے والے ڈرائیوروں کو داخلے کی اجازت دی جائے ۔