حضرت بابا محمد پناہ ؒ کے سالانہ عرس کے حوالہ سے سکیورٹی پلان جاری

جمعرات 30 مارچ 2017 22:55

ساہیوال۔30 مارچ(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 30 مارچ2017ء)حضرت بابا محمد پناہ ؒ کمیر کے سالانہ عرس کے حوالہ سے سکیورٹی پلان جاری کردیاگیا، عرس پر کل661پولیس افسران و اہلکار ڈیوٹی پر مامور ہونگے ، ان خیالات کا اظہار ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر ساہیوال محمد عاطف اکرام نے اخبارنویسوں سے گفتگوکرتے ہوئے کیا ،انہوں نے کہا کہ عرس کے موقع پرایک ایس پی، 2ڈی ایس پیز،8انسپکٹرز،39سب انسپکٹرز،97اسسٹنٹ سب انسپکٹرز،74ہیڈ کانسٹیبلز 393کانسٹیبلز و لیڈیز کانسٹیبلز اور 48ایلیٹ فورس کے جوانوں سمیت بڑی تعداد میں قومی رضاکار اور والینٹئرز بھی فرائض سر انجام دیں گے، انہوں نے کہا کہ عرس کے تمام مقامات کی چیکنگ سراغ رساں کتوں اور بم ڈسپوزل سکواڈسے کروائی جائیگی جبکہ سپیشل برانچ کے افسران روزانہ کی بنیاد پر ٹیکنیکل سویپنگ کروانے کے ذمہ دار ہونگے،عرس کی آڈیو‘ وڈیو ریکارڈنگ کی جائیگی جبکہ CCTVکیمرے بھی لگائے جائیں گے،اس موقع پر ضلعی سطح پرڈی پی اوآفس میں کنٹرول روم بھی قائم کیا گیا ہے جو چوبیس گھنٹے کھلا رہے گا، انہوں نے کہا کہ عرس کے موقع پر اسلحہ کی نمائش ، ہوائی فائرنگ،غیر اخلاقی سرگرمیوں ، ورائٹی شو ، موت کے کنویں ، سرکس اور جھولوں پر سختی سے پابندی ہے ، انہوں نے عوام سے اپیل کی کہ وہ مشکوک افراد کی سرگرمیوں پر نظر رکھیں اور کسی بھی مشکوک سرگرمی و لاوارث سامان کی فوری اطلاع پولیس کو دیں تاکہ کوئی ناخوشگوار واقعہ رونما نہ ہوسکے۔