ْ عالمی امن کی ضمانت صرف قرآن پاک کا آفاقی نظام دے سکتاہے،حکمران عالمی سامراج سے ڈرنے کی بجائے ملک میں آئین و دستور کی بالادستی کو یقینی بنائیں تو پاکستان مسائل کی دلدل سے نکل کر خوشحالی کے راستہ پر گامزن ہوجائے گا

امیر جماعت اسلامی سینیٹر سراج الحق کامنصورہ میں منعقدہ عالمی محفل حسن قرأت کے شرکاء سے خطاب

جمعرات 30 مارچ 2017 22:37

ْ عالمی امن کی ضمانت صرف قرآن پاک کا آفاقی نظام دے سکتاہے،حکمران ..
لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔ 30 مارچ2017ء) امیر جماعت اسلامی پاکستان سینیٹر سراج الحق نے کہاہے کہ عالمی امن کی ضمانت صرف قرآن پاک کا آفاقی نظام دے سکتاہے،حکمران عالمی سامراج سے ڈرنے کی بجائے ملک میں آئین و دستور کی بالادستی کو یقینی بنائیں تو پاکستان مسائل کی دلدل سے نکل کر خوشحالی کے راستہ پر گامزن ہوجائے گا۔ و ہ جمعرات کو منصورہ میں منعقدہ عالمی محفل حسن قرأت کے شرکاء سے خطاب کر رہے تھے ۔

انہوں نے کہاکہ تاریخ گواہ ہے کہ قرآن پاک کو تھام لینے والی قومیں ہمیشہ عالمی افق پر جگماتی اور عزت و وقار حاصل کرتی رہی ہیں اور جن لوگوں نے قرآن پاک کی تعلیمات سے منہ موڑا وہ پستی کی اتھاہ گہرائیوں میں گم ہو گئے۔ جماعت اسلامی ملک میں قرآن کے عادلانہ نظام کے نفاذ کے لیے جدوجہد کر رہی ہے۔

(جاری ہے)

عوام اس میں ہمارا ساتھ دیں۔ محفل حسن قرأت میں سیکرٹری جنرل جماعت اسلامی لیاقت بلوچ ، راشد نسیم ، اسد اللہ بھٹو ، حافظ محمد ادریس ، ڈاکٹر فرید احمد پراچہ ، میاں محمد اسلم ، پروفیسر محمد ابراہیم، مولانا عبدالمالک ، حافظ ساجد انور ، محمد اصغر ، اظہر اقبال حسن ، آصف لقمان قاضی، ذکراللہ مجاہد، مولانا جاوید قصوری، قاری مختار احمد سواتی سمیت منصورہ کی بستی اور ارد گرد کی بستیوں سے کارکنان جماعت اور ہزاروں افراد نے شرکت کی او ر تلاوت قرآن پاک کی سماعت سے اپنے دلوں کو منور کیا۔

محفل حسن قرأت میں مصر سے محمد نصر طاروطی ، محمد حسن الخیاط ، سامح شرقاوی ، محمد شیر، ملک کے معروف قاری احمد میاں تھانوی ، مومن شاہ ، احسان اللہ ، عبدالغفار روپڑی ، جامع مسجد منصورہ کے امام قاری وقار احمد چترالی و دیگر معروف قراء حضرات نے شرکت کی اور قرآن پاک کی تلاوت کی سعادت حاصل کی۔سینیٹر سراج الحق نے کہا کہ عالم اسلام کے پاس ٹینک اورتوپ سے بڑا ہتھیار قرآن عظیم الشان ہے جس سے دلوں کو فتح کیا جاسکتا ہے۔

انسانیت کے مسائل اس وقت حل ہونگے جب وہ قرآن کی طرف پلٹے گی۔سیکولر ازم ،سوشلزم اور سرمایہ دارانہ نظام کے تمام بت اوندھے منہ گر چکے ہیں ، خالق کائنات کا نازل کردہ نظام ا سلام ہی اصل نظام زندگی ہے جو انسان کی ہر موقع پر رہنمائی کرتا ہے اور اسے انگلی پکڑ کر حق کے راستہ پر چلاتا ہے۔انہوں نے کہا کہ پاکستا ن کے آئین کا تقاضا ہے کہ ملک میں اللہ تعالیٰ کی حاکمیت کو تسلیم کیا جائے اور اس کے اتارے ہوئے نظام قرآن پاک اور آخری پیغمبر ?کی تعلیمات کے مطابق معاشرتی ،سیاسی اور معاشی نظام مرتب کیا جائے۔

انہوں نے کہا کہ حکمرانوں نے آئین و دستور کی پامالی کو وطیرہ بنا رکھا ہے اور جمہوریت کے نام پر بدترین شخصی آمریتیں قائم ہیں ،جس سے عام آدمی کا استحصال ہو رہا ہے اور حکمران ایسٹ انڈیا کمپنی کی طرح قومی وسائل ہڑپ کرتے رہے۔انہوں نے کہا کہ عوام ملک میں قرآن و سنت کے نظام کے نفاذ کیلئے جماعت اسلامی کا ساتھ دیں۔سینیٹر سراج الحق نے مصر سے آئے ہوئے مہمان قرأ کا شکریہ ادا کیا۔