نجی تعلیمی اداروں کو قومی دھارے میں زیادہ فعال بنانے کیلئے سہولیات دینا ضروری ہے،راجہ خضر

جمعرات 30 مارچ 2017 22:23

راولپنڈی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔ 30 مارچ2017ء)مارننگ سٹار پبلک سکول مدنی روڈ شکریال راولپنڈی کے پرنسپل راجہ خضر نے کہا ہے کہ نجی تعلیمی اداروں کی ایک بڑی تعداد معیاری تعلیم کے فروغ کیلئے حکومت کی کاوشوں میں ممد و معاون ہے جنہیں ترقی کے قومی دھارے میں زیادہ فعال بنانے کیلئے سہولیات دینا ضروری ہے ․ انہوں نے اساتذہ اور طلبہ پر زور دیا کہ وہ اپنی اپنی ذمہ داریاں پوری کرنے کیلئے پورے خلوص کے ساتھ محنت کریں اور والدین کو چائییے کہ وہ اپنے بچوں کی پڑھائی اور دیگر معمولات پر کڑی نظر رکھیں تاکہ ہماری نوجوان نسل کی تعلیم و تربیت اور کردار سازی میں کوئی کمی باقی نہ رہے ۔

وہ جمعرات کو سکول کے سالانہ فنکشن سے خطاب کر رہے تھے۔

(جاری ہے)

جس میں اساتذہ کرام ، والدین اور طلبہ کی بڑی تعداد شریک تھی ․ اس موقع پر سالانہ نتائج کا اعلان بھی کیا گیا ․ راجہ خضر نے کہا کہ تعلیم ہمیں زندگی کا شعور عطا کرتی اور حیوان سے انسان بناتی ہے جسے ہم نے محض ڈگریوں اور نوکریوں کے حصول کیلئے سمجھ لیا ہے ․ انہوں نے کہا کہ دنیا میں جن اقوام نے ترقی کی ہے ان کی ترقی کی بنیادی وجہ تعلیم ہے ․ موجودہ دور میں اس کی اہمیت مزید بڑھ گئی ہے لہذا حکومت کے ساتھ نجی شعبے میں چلنے والے تعلیمی اداروں کو چائییے کہ وہ کاروبار کی بجائے تعلیم کو ایک مقدس پیشہ سمجھ کر اس کے فروغ کیلئے مخلصانہ کوششیں کریں ․ اس موقع پر پرنسپل سکول نے سالانہ کارکردگی رپورٹ بھی پیش کی اور بچوں کے سالانہ نتائج کا اعلان کیا گیا ․