ورجینیا: مسلم گھر میں نقب زنی، دیوار پرگالیاں لکھ دیں

واردات مسلمانوں سے نفرت میں بدل گئی،اہل خانہ گھر میں موجود نہیں تھے

جمعرات 30 مارچ 2017 22:11

واشنگٹن(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 30 مارچ2017ء)امریکی ریاست ورجینیا میں ایک مسلمان خاندان کے گھر میں نقب زنی کی واردات مسلمانوں سے نفرت میں بدل گئی۔ واردات کے وقت اہل خانہ گھر پر نہیں تھے۔ چوروں نے گھر کی دیوار پر مسلمانوں کے خلاف گالیاں لکھیں اور دیواروں پر آویزاں اسلامی خطاطی کے نمونے پھاڑ دیئے۔

(جاری ہے)

غیر ملکی میڈیا کے مطابق فیئر فیکس کائونٹی میں پیش آنے والی واردات میں گھر سے پاسپورٹس اور گرین کارڈز سمیت 25 ہزار ڈالر مالیت کا سامان چوری کیا گیا تاہم متاثرہ خاندان کو سب سے زیادہ دکھ اور افسوس چوروں کی مسلمانوں سے نفرت پر ہوا۔

اہل خانہ کا کہنا ہے کہ وہ سب کو یہ پیغام دینا چاہتے ہیں کہ اس قسم کی کارروائیاں معمول نہیں بننی چاہئیں، جب چوروں کو پتہ چلا کہ گھرمسلمانوں کا ہے تو انہوں نے نفرت کابھی مظاہرہ کیا۔متاثرہ خاندان کے پڑوسیوں نے مدد کے طور پر 3 ہزار ڈالرجمع کئے۔ پولیس معاملے کی تفتیش نقب زنی اور نفرت انگیز جرم کے طور پر کر رہی ہے۔۔