پاکستان ورکرز فیڈریشن اور زیڈ ٹی بی ایل ایمپلائز یونین کے باہمی اشتراک سے ایک روزہ سیمینار

جمعرات 30 مارچ 2017 22:02

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 30 مارچ2017ء) پاکستان ورکرز فیڈریشن اور زیڈ ٹی بی ایل ایمپلائز یونین کے باہمی اشتراک سے ایک روزہ سیمینار زیڈ ٹی بی ایل کمپلیکس میں منعقد ہوا جس میں پاکستان ورکرز فیڈریشن کے جنرل سیکرٹری محمد ظہور اعوان ،سی ڈی اے مزدور یونین کے جنرل سیکرٹری چوہدری محمد یٰسین ،زیڈ ٹی بی ایل ایمپلائز یونین کے چیئرمین ملک شمیض اعوان ،جنرل سیکرٹری محمد اقبال خٹک ،امریکن سالیڈیرٹی سنٹر کے عماد اشرف ،اعظم خان کے علاوہ مختلف یونینز کے مزدور رہنمائوں نے شرکت کی ،سیمینار سے خطاب کرتے ہوئے سی ڈی اے مزدور یونین کے جنرل سیکرٹری چوہدری محمد یٰسین نے کہا کہ پاکستان ورکرز فیڈریشن مزدوروں کا قومی سنٹر ہے جہاں سے مزدوروں کے حقوق کے لیے آوازبلند ہوتی ہے اور پاکستان ورکرز فیڈریشن نے جہاں ہمیشہ مزدوروں کے حقوق کی بات کی وہاں مزدوروں کو انکے مسائل کے بارے میں آگاہی کے لیے مختلف تربیتی پروگرامز بھی منعقد کیے ہیں جسکی وجہ سے آج پاکستان کا مزدور باشعور ہو چکا ہے ،انھوں نے کہا کہ آج کے اس دور میں سی ڈی اے سمیت دیگر قومی ادارے پرائیویٹ کمپنیوں کو دیے جا رہے ہیں جو کہ قابل افسوس اور قابل مذمت ہے کیونکہ یہ قومی ادارے پاکستان کا قیمتی اثاثہ ہیں ،پاکستان بھر کی تمام فیڈریشنز اور ٹریڈ یونینز کو نجکاری جیسے مسئلے پر ایک پلیٹ فارم پر اکٹھا ہونا چاہیے ،انھوں نے کہا کہ ہم سی ڈی اے سمیت کسی بھی قومی ادارے کی نجکاری نہیں ہونے دیں گے اور مزدوروں کے حقوق کے لیے آخری دم تک جدوجہد جاری رکھیں گے اور کسی بھی قربانی سے دریغ نہیں کریں گے ،سیمینار سے خطاب کرتے ہوئے پاکستان ورکرز فیڈریشن کے جنرل سیکرٹری ظہور اعوان نے کہا کہ پاکستان میں موجودہ ٹریڈ یونینز معاشی بدحالی کا شکار ہیں اور اس مشکل وقت میں ٹریڈ یونین کے پاس کوئی خاطر خواہ فنڈز نہیں ہیں جس سے مزدوروں کے حقوق کی جدوجہد جاری رکھی جا سکے جس کی بنیادی وجہ یونین فنڈ کی کم شرح ہے جب تک مزدور کسی بھی ٹریڈ یونین کو شرح تناسب سے چندہ نہیں دیں گے اس وقت تک کوئی بھی یونین مالی طور پر مستحکم نہیں ہو سکتی ،ضرورت اس امر کی ہے کہ مزدوروں میں یونین فنڈ ریزنگ کے لیے تربیتی پروگرامز منعقد کیے جائیں تاکہ پاکستان بھر کے مزدوروں کو بین الاقوامی مزدوروں کے ساتھ کھڑا کیا جاسکے ،سیمینار میں سی ڈی اے مزدوریونین کے عہدیداران ،PCPیونین اور آل پاکستان ایس آر بی سی ورکرز یونین کے عہدیداران نے کثیر تعداد میں شرکت کی ۔

متعلقہ عنوان :