پشاور ،خیبر پختونخوا کے وزیر خوراک حاجی قلندر خان لودھی کا ضلع نوشہرہ کا دورہ

جعلی ،زائد المیعاد اور مضر صحت اشیائے خورد و نوش کو آگ لگا کر تلف کیا گیا

جمعرات 30 مارچ 2017 21:54

پشاور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 30 مارچ2017ء) خیبر پختونخوا کے وزیر خوراک حاجی قلندر خان لودھی نے جمعرات کے روز ضلع نوشہرہ کا دورہ کیا جہاں انہوں نے محکمہ خوراک کی کارروائیوں کے دوران پکڑی جانے والی جعلی ،زائد المیعاد اور مضر صحت اشیائے خورد و نوش کو آگ لگا کر تلف کیا۔اس موقع پر سیکرٹری خوراک عصمت اللہ خان گنڈا پور اور دیگر متعلقہ افسران بھی صوبائی وزیر کے ہمراہ تھے۔

حاجی قلندر خان لودھی نے کہا کہ صوبائی حکومت عوام کی مشکلات کا حل اور ان کے حقوق کا تحفظ اپنی ذمہ داری سمجھتی ہے اور کسی کو اس بات کی اجازت نہیں دی جاسکتی کہ وہ صحت کے اصولوں کی خلاف ورزی کرتے ہوئے ناجائز منافع خوری کرے اور عوام کی زندگیوں سے کھیلے۔ صوبائی وزیر نے فوڈ کمپنیوں اور دکانداروں پر واضح کیا کہ ناقص ،جعلی اور زائد المیعاد غذائی اشیاء وخوراک فروخت کرنے والوں کے خلاف سخت تادیبی کارروائی کی جائے گی۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ اس سلسلے میں محکمہ خوراک نے تقرباً30ہزار دکانداروں اور کمپنیوں کے مالکان کا چالان کیا جبکہ خلاف ورزی کے مرتکب لوگوں کے خلاف کارروائی کے ذریعے 7کروڑ روپے جرمانہ ہوا۔انہوں نے متنبہ کیا کہ کارروائیوں کا یہ سلسلہ جاری رہے گا اور کسی کے ساتھ نرمی نہیںبرتی جائے گی۔اس موقع پر صوبائی وزیر کی ہدایت پر محکمہ خوراک کے ضلع نوشہرہ کے مختلف علاقوں میں گوداموں،مارکیٹوں،دکانوں اور خوراک کے ذخیروں پر چھاپوں کے دوران پکڑی گئی جعلی و غیر معیاری مشروبات،گھی،نمک،دودھ،مصالحہ جات، ٹافیاں، اچار، چپس، پاپڑ اور دیگر اشیاء کو نظر آتش کیا۔

صوبائی وزیر نے اپنے دورہ کے دوران اضاخیل میں قائم گندم کے گوداموں کا بھی معائنہ کیا اور متعلقہ حکام کو ہدایت کی کہ وہ عمارتوں کے مرمتی کام کے بہتر معیار کو یقینی بنائیں۔

متعلقہ عنوان :