صوبہ خیبر پختونخوا میں تمام شعبے زبوں حالی کا شکار ہیں جن میں تعلیم سر فہرست ہیں، زاہد خان

جمعرات 30 مارچ 2017 21:54

پشاور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 30 مارچ2017ء) عوامی نیشنل پارٹی کے مرکزی ترجمان زاہد خان نے کہا ہے کہ صوبہ خیبر پختونخوا میں تمام شعبے زبوں حالی کا شکار ہیں جن میں تعلیم اور صحت کے شعبے سر فہرست ہیں، اپنے ایک بیان میں انہوں نے کہا کہ صوبے کے سکولوں میں طالبات کیلئے بنیادی سہولیات موجود نہیں جبکہ صحت کا شعبہ بد حالی کا شکار ہے ۔

انہوں نے کہا کہ سرکاری دفاتر میں دیانتدار افسران خوف میں مبتلا ہیںاور ان افسران کو بد عنوانی کی تحقیقات کرنے پر مستعفی ہونا پڑا ۔ عمران خان اور پرویز خٹک صوبے میں بڑھتی بدعنوانی ذاتی مفادات حاصل کرنے والے گروہ اور آئندہ انتخابات میں عوام سے چھپنے کیلئے بظاہر ترقیاتی منصوبوں کے نام پر سیاسی کھیل شروع کر رہے ہیں ۔

(جاری ہے)

زاہد خان نے کہا کہ عمران خان اور پرویز خٹک وفاقی حکومت پر بیرونی قرضے حاصل کرنے کے الزامات لگاتے تھکتے نہیں تھے لیکن اب صوبہ خیبر پختونخوا اور پختونوں کی آنے والی نسلوں کو بین الاقوامی مالیاتی اداروں کے پاس گروی رکھنے کیلئے کروڑوں ڈالر امداد کی بھیک مانگ رہے ہیں اور یو ٹرن لے کر پشاور میں بین الاقوامی امداد سے بس سروس منصوبے کے ذریعے اپنے خاندان کو امیر کرنا چاہتے ہیں ۔

زاہد خان نے مزید کہا کہ وفاقی حکومت کے ساتھ خیبر پختونخوا حکومت کا کاروباری مالیاتی گٹھ جوڑ ثابت کرتا ہے کہ صوبائی حکومت کا مسئلہ عوامی مسائل حل کرنا نہیں بلکہ اپنے مالی مفادات کا تحفظ ہے۔

متعلقہ عنوان :