پشاور،تین سالہ منصوبے میں علمائے کرام ،نوجوان اور خواتین پر توجہ دینا ہدف ہے،مشتاق احمدخان

عام انتخابات 2018ء میں ایک ناقابل شکست طاقت بن کر کامیابی حاصل کریں گے، امیر جماعت اسلامی خیبرپختونخوا

جمعرات 30 مارچ 2017 21:54

پشاور،تین سالہ منصوبے میں علمائے کرام ،نوجوان اور خواتین پر توجہ دینا ..
پشاور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 30 مارچ2017ء) تین سالہ منصوبے میں علمائے کرام ،نوجوان اور خواتین پر توجہ دینا ہمارا ہدف ہے۔ ان تینوں طبقوں کو فعال بناکر 2018ء کے الیکشن ایک بھرپور قوت کے ساتھ میدان میں اتریں گے۔ اور عام انتخابات 2018ء میں ایک ناقابل شکست طاقت بن کر کامیابی حاصل کریں گے۔ ان خیالات کا اظہار امیر جماعت اسلامی خیبرپختونخوا مشتاق احمدخان نے المرکز اسلامی میں ضلعی امراء اور جے آئی یوتھ کے ضلعی صدور کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔

انہوں نے کہاکہ 16اپریل جے آئی یوتھ کنونشن صوبے بھر میں تبدیلی کا ضامن ہوگا۔ ایک لاکھ سے زیادہ نوجوان کو اس کنونشن میں شریک کرائیں گے۔ نوجوان مستقبل کی قیادت ہے۔ نوجوان اس کنونشن کو کامیاب بنانے کے لئے پوری توانائی اور زور شور سے بھرپور تیاری کریں۔

(جاری ہے)

انہوںنے کہاکہ اس وقت صوبے کے طول وعرض میں محروم طبقے اور عوام کی نظریں جماعت اسلامی پر لگی ہوئی ہیں۔

کیونکہ جماعت اسلامی ایک بے داغ قیادت کا نام ہے جسے سرٹیفکیٹ سپریم کورٹ اور پلڈاٹ کی طرف سے مل چکی ہے۔جماعت کے امیر، وزرا،ممبران اسمبلی اور پوری قیادت پر کوئی انگلی نہیں اُٹھاسکتی۔ دفعہ 63-62پر اترنے والی جماعت صرف اور صرف جماعت اسلامی ہے۔ انہوں نے کہاکہ اگر ہماری حکومت آئی تو ملک کی تقدیر بدل دیں گے اور حقیقی تبدیلی لائیں گے۔ ہمارے پاس تبدیلی کا مکمل ایجنڈا موجود ہے۔ پاکستان کو ایک اسلامی وفلاحی ریاست بناکر دم لیں گے۔ انہوںنے کہاکہ جماعت اسلامی موروثی جماعت نہیں۔ ہم علمائے کرام ،یوتھ اور خواتین کو ان کا اصل مقام اور احترم دیں گے۔