وزیراعلیٰ پنجاب سے چائنہ ہیوانگ گروپ کے نائب صدر کی قیادت میں وفدکی ملاقات،ساہیوال کول پاور پراجیکٹ پرکام کی رفتار پر اظہار اطمینان

کام کی رفتار مزید تیز کرنے پر اتفاق،چینی وفد کی ساہیوال کول پاورپراجیکٹ کو مقررہ مدت سے پہلے مکمل کرنے کی یقین دہانی 1320 میگاواٹ کا منصوبہ انتھک محنت ،رفتار اور معیار کے لحاظ سے اپنی مثال آپ،تکمیل کے نئے ریکارڈ قائم کرے گا:شہبازشریف پاک چین دوستی اور معاشی تعاون کے نئے دور کا آغاز ہوا ہے، شہبازشریف کی قیادت میں پنجاب میں زبردست کام ہو رہا ہی: فین زینزیا

جمعرات 30 مارچ 2017 21:46

وزیراعلیٰ پنجاب سے چائنہ ہیوانگ گروپ کے نائب صدر کی قیادت میں وفدکی ..
لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 30 مارچ2017ء) وزیراعلیٰ پنجاب محمد شہباز شریف سے چائنہ ہیوانگ گروپ(Huaneng Group)کے نائب صدر فین زیزیا(Mr. Fan Xiaxia) کی قیادت میں وفد نے ملاقات کی جس میں 1320 میگا واٹ کے ساہیوال کول پاور پراجیکٹ پر پیشرفت ،کوئلے کی ترسیل اور منصوبے کے آپریشنل امور پر بات چیت کی گئی اور ساہیوال کول پاور پراجیکٹ پر ہونے والے کام کی رفتار پر اطمینان کا اظہارکیا گیا اورمنصوبے پر کام کی رفتار مزید تیز کر نے پر اتفاق کیا گیا-چینی وفد نے منصوبے کو مقررہ مدت سے پہلے مکمل کرنے کی یقین دہانی کرائی -وزیر اعلی شہباز شریف نے وفد سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ 1320میگا واٹ کا ساہیوال کول پاور پراجیکٹ انتھک محنت ،رفتار اور معیار کے لحاظ سے اپنی مثال آپ ہے۔

منصوبہ تیز رفتاری سے تکمیل کے نئے ریکارڈ قائم کرے گا۔

(جاری ہے)

منصوبے کو مقررہ مدت سے پہلے مکمل کرنے کے لیے چین کی کمپنی کی کاوشیں لائق تحسین ہیں اورمیں منصوبے پر تیز رفتاری سے کام کرنے پر آپ کی ٹیم کو مبارکباد دیتا ہوں۔وزیر اعلی نے کہا کہ پاکستان اور چین کی دوستی بے مثال ہے۔دونوں ممالک میں معاشی تعاون اور دو طرفہ تجارت میں اضافہ ہوا ہے ۔

چائنہ پاکستان اکنامک کوریڈور کے تحت چین نے پاکستان میں اربوں ڈالر کی سرمایہ کاری کی ہے۔سی پیک کے تحت پاکستان میںسرمایہ کاری چین کی سچی اورمخلص دوستی کا ثبوت ہے۔وزیر اعلی نے کہا کہ پاکستان بھر میں سی پیک کے تحت منصوبو ں پر تیز رفتاری سے کام جاری ہے۔سی پیک پر ہونے والے کام کی رفتار سے ہمارے مخالفین پریشان ہیں۔سی پیک سے صرف پاکستان ہی نہیں بلکہ پورے خطے کو معاشی ثمرات ملیں گے۔

انہوںنے کہا کہ چین کے صدر کا ون بیلٹ ون روڈ کا ترقیاتی ویژن شاندار ہے۔ساہیوال کول پاور پراجیکٹ تیز رفتاری سے تکمیل اور اعلیٰ معیار کا شاہکار بنے گا۔یہ منصوبہ دنیا بھر میں تیز رفتاری سے مکمل ہونے والے منصوبو ں کا بھی ریکارڈ توڑے گا۔انہوںنے کہا کہ پاکستان کے عوام کی مشکلات کو کم کرنے کے لیے مخلص دوست چین کے تعاون کو قدر کی نگاہ سے دیکھتے ہیں۔

چین نے پاکستان کو توانائی کے بحران سے نکالنے کے لیے اس کا ہاتھ تھاما ہے۔چائنہ ہیوانگ گروپ کے نائب صدرفین زیزیا(Mr.Fan Xiaxia)نے کہا کہ شہباز شریف کی قیادت میںپنجاب میں سی پیک کے منصوبوں پر زبردست انداز میں کام ہو رہا ہے۔شہباز شریف کے ویژن کے مطابق ساہیوال کول پاور پراجیکٹ کو مقررہ مدت سے پہلے مکمل کرنے میں کوئی کسر اٹھا نہ رکھیں گے۔انہوںنے کہا کہ سی پیک سے پاک چین دوستی اور معاشی تعاون کے نئے دور کا آغاز ہوا ہے۔

اپنے دوست ملک پاکستان کے عوام کی سماجی و معاشی حالت کی بہتری میں تعاون ہماری ذمہ داری ہے۔ساہیوال کول پاور پراجیکٹ سی پیک کا اہم منصوبہ ہے۔صوبائی وزیر چوہدری شیر علی ،چیئرمین قائداعظم سولر پاور کمپنی چوہدری عارف سعید، چیئرمین منصوبہ بندی و ترقیات،سیکرٹری توانائی،جی ایم این ٹی ڈی سی اور ریلوے کے حکام کے علاوہ چائنہ ہیوانگ گروپ کے اعلی عہدیداران بھی اس موقع پر موجود تھے۔