31 مارچ کو قوم کی بیٹی عافیہ کے کراچی سے اغواء اور امریکہ کے حوالے کرنے کے 14 سال مکمل ہوگئے

ائمہ کرام خطبہ جمعہ اور دعائوں میں عافیہ کی جلدوطن واپسی کیلئے خصوصی دعائیں کرائیں، ڈاکٹر فوزیہ صدیقی کی اپیل

جمعرات 30 مارچ 2017 21:25

31 مارچ کو قوم کی بیٹی عافیہ کے کراچی سے اغواء اور امریکہ کے حوالے کرنے ..
کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 30 مارچ2017ء) ڈاکٹر عافیہ کی ہمشیرہ اور عافیہ موومنٹ کی رہنما ڈاکٹر فوزیہ صدیقی نے کل 31 مارچ کو قوم کی بیٹی عافیہ کے کراچی سے اغواء اور امریکہ کے حوالے کرنے کے 14 سال مکمل ہونے کے موقع پر اپیل کی ہے کہ ائمہ کرام جمعہ کے خطبہ اور نماز کے بعد اجتماعی دعائوں میںڈاکٹر عافیہ کی امریکی جیل سے جلد رہائی اور وطن واپسی کیلئے خصوصی دعائیں کرائیں۔

عافیہ موومنٹ میڈیا انفارمیشن سیل سے جاری کردہ بیان میں انہوں نے کہا ہے کہ31 مارچ ملک کی تاریخ کا ایک اور’’ سیاہ دن‘‘ ہے جب ایک بے گناہ پاکستانی ماں کو ایک جھوٹے اور من گھڑت الزام کی بنیاد پر اس کے تین کمسن بچوں سمیت اغواء کرکے امریکی حکام کے حوالے کیا گیا اور بعد ازاں انسانی اسمگلنگ کے جرم کا ارتکاب کرتے ہوئے غیرقانونی طور پر افغانستان منتقل کردیا گیا تھا۔

(جاری ہے)

ڈاکٹر فوزیہ نے مزید کہا کہ عافیہ کا خواب تعلیمی انقلاب کے ذریعہ ملک میں تبدیلی لانا تھا ۔ عافیہ موومنٹ کی برسوں کی جدوجہد کا مقصد عافیہ کی واپسی اور اس کے خواب کی تکمیل کرنا ہے۔31 مارچ کوعافیہ موومنٹ کے رضاکار اور ڈاکٹر عافیہ کے سپورٹرز ملک بھرمیں پرامن ’’یوم سیاہ‘‘ مناکرحکمرانوں اور سرکاری حکام کو عافیہ کو وطن واپس لانے کے فریضہ کی ادائیگی کا احساس دلائیں گے۔ آج شام 5 بجے کراچی پریس کلب کے باہر دیوہیکل ’’انصاف کی مشعل‘‘ روشن کی جائے گی۔پاکستان کی طرح دنیا کے دیگر کئی ممالک میں بھی انسانیت و انصاف پسند اور ڈاکٹر عافیہ کے حامی عافیہ کی امریکی جیل سے رہائی اور وطن واپسی کیلئے احتجاجی مظاہرے اور دیگر پروگرامات کا انعقاد کررہے ہیں۔

متعلقہ عنوان :