لاہور ہائیکورٹ کا طلباء کی ڈگریوں کی تصدیق کیس میں چیئرمین پمسیٹ کا نام ای سی ایل میں ڈالنے کاحکم

جمعرات 30 مارچ 2017 20:58

لاہور ہائیکورٹ کا طلباء کی ڈگریوں کی تصدیق کیس میں چیئرمین پمسیٹ کا ..
لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 30 مارچ2017ء) لاہور ہائیکورٹ کے فل بینچ نے پریسٹن انسٹی ٹیوٹ آف مینجمنٹ سائنس اینڈ ٹیکنالوجی کے طلباء کی ڈگریوں کی تصدیق کیس میں چیئرمین پمسیٹ چوہدری انور کا نام ایگزٹ کنٹرول لسٹ میں ڈالنے کاحکم دیتے ہوئے کیس کی سماعت 17اپریل تک ملتوی کر دی ۔ گزشتہ روز لاہور ہائیکورٹ کے مسٹر جسٹس سید مظاہرعلی اکبرنقوی کی سربراہی میں مسٹر جسٹس مسعود جہانگیر اور مسٹر جسٹس عاطرمحمود پرمشتمل تین رکنی فل بنچ نے کیس کی سماعت کی ۔

درخواست گزار نے موقف اختیار کیا کہ پریسٹن انسٹی ٹیوٹ آف مینجمنٹ سائنس اینڈ ٹیکنالوجی سے تعلیم مکمل کر لی ہے لیکن ہائر ایجوکیشن کمیشن کی جانب سے 22ہزار طلبا ء کی ڈگریاں تصدیق نہیں کر رہی۔ جس پر ایچ ای سی نے موقف اختیار کیا کہ کئی ہزارجعلی ڈگریاں جاری کی گئی ہیں، اتنی بڑی تعداد میں جعلی ڈگریوں کی تصدیق کے لیے وقت درکار ہے۔

(جاری ہے)

درخواست گزار نے فاضل عدالت کو بتایا کہ چیئرمین پمسیٹ نے طلباء کا مستقبل دائو پر لگا دیا ہے، خدشہ ہے کہ چیئرمین پمسیٹ چوہدری انور ملک سے فرار نہ ہو جائیں۔

وہ عدالت میں پیش بھی نہیں ہوئیلہٰذا معزز عدالت سے استدعا ہے کہ انکا نام نام ای سی ایل میں ڈالا جائے۔ فاضل عدالت نے چیئرمین پمسیٹ یونیورسٹی چوہدری منورکو طلب کر کھا تھا۔ عدالتی حکم کے باوجود وہ پیش نہ ہونے پر عدالت نے برہمی کا اظہار کیا۔فاضل بینچ نے چیئرمین پمسیٹ کا نام ای سی ایل میں ڈالنے کاحکم دے دیتے ہوئے کیس کی مزید سماعت 17 اپریل تک ملتوی کر دی۔

متعلقہ عنوان :