حکومت پنجاب نے داخلہ مہم 2017ء کا آغاز کر دیا‘رانا مشہود

معیاری تعلیم کا حصول ہر بچے کا حق ہے،ہر بچے کو سکول میں داخل کرائیں گے‘صوبائی وزیر سکولز ایجوکیشن

جمعرات 30 مارچ 2017 20:36

حکومت پنجاب نے داخلہ مہم 2017ء کا آغاز کر دیا‘رانا مشہود
لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔ 30 مارچ2017ء) پنجاب حکومت نے صوبے میں کوالٹی ایجوکیشن کے فروغ اورسکولوں میں بچوں کے 100فیصد داخلے کو یقینی بنانے کیلئے انقلابی اقدامات اٹھائے ہیں تا کہ کوئی بچہ زیورِ تعلیم سے محروم نہ رہے کیونکہ معیاری تعلیم کا حصول قوم کے ہر بچے کا بنیادی حق ہے،وزیراعلیٰ پنجاب محمد شہباز شریف ہر بچے کو یکساں تعلیم کی فراہمی کو یقینی بنانے کیلئے شبانہ روز کوشاں ہیں،وہ دن دور نہیں جب پاکستان مسلم لیگ(ن) کے ایجنڈے کے مطابق گھر گھرمیں علم کا دیپ جلے گا اور ہمارے ہونہار طلبا و طالبات اپنے والدین اور اساتذہ کی دعا?ں ، محنت اور سچی لگن سے اپنی خداداد صلاحیتوں کو بروئے کار لاتے ہوئے زندگی کے ہر ہر شعبے میں کامیابی اور کامرانی کے جھنڈے گاڑیں گے اور دنیا بھر میں ملک و قوم کا نام روشن کریں گے۔

(جاری ہے)

ان خیالات کا اظہار صوبائی وزیر سکولز ایجوکیشن رانا مشہود احمد خاں نے ایوان ِ اقبال میں انرولمنٹ مہم2017 ء کے حوالے سے منعقدہ پر وقار تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا۔ انہوں نے کہا کہ وزیراعلیٰ شہباز شریف نے بچوں کے داخلہ فارم پر دستخط کرکے داخلہ مہم برائے سال 2017 کا باقاعدہ آغاز کر دیا ہے۔انہوں نے کہا کہ ہم سب کو ملکر اس عظیم مقصد کے حصول کے لئے حکومت کا ہاتھ بٹانا ہے تا کہ سکولوں میں بچوں کے داخلے کے اہداف کا حصول ممکن بنایا جاسکے۔

پنجاب میں 94فیصد انرولمنٹ کے اہداف حاصل کیے جاچکے ہیں تاہم اسے برقرار رکھنے کیلئے حکومت اور محکمہ تعلیم کے حکام کے ساتھ والدین کو بھی بھر پور ساتھ دینا ہوگاتاکہ انرولمنٹ مہم میں پائیدارنتائج کا تسلسل مستقل طور پرحاصل کیا جاسکے۔انہوں نے کہا کہ پنجاب حکومت کے فروغ تعلیم کیلئے اٹھائے جانے والے انقلابی اقدامات کے باعث شعبہ تعلیم میں مثبت نتائج مرتب ہو رہے ہیں جس کے ثمرات سے ہونہار طلباء و طالبات فیض یاب ہو رہے ہیں۔

ہمیں سرکاری سکولوں میں تعلیم کے معیارکو مزید بہتر بنانا ہے تاکہ زیادہ سے زیادہ بچوں کو معیاری تعلیم کا حق مل سکے۔انہوں نے کہا کہ اساتذہ اور طلباء کی حاضری کے ساتھ ساتھ سکولوں میں عدم دستیاب سہولتوں کی فراہمی کے حوالے سے حکومتی اقدامات تسلسل کے ساتھ جاری ہیں۔

متعلقہ عنوان :