حیدرآباد، نئے ڈویژنل کمشنرکے چارج سنبھالنے کے بعد تعارفی اجلاس

جمعرات 30 مارچ 2017 20:30

حیدرآباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 30 مارچ2017ء) حیدرآباد کے نئے ڈویژنل کمشنر محمد سہیل راجپوت کے چارج سنبھالنے کے بعد شہباز ہال حیدرآباد میں جمعرات کوایک تعارفی اجلاس ہوا جس میں ایڈیشنل کمشنر ون حیدرآباد سید سجاد حیدر ، ڈپٹی کمشنر حیدرآباد انور علی شر ، چیف انجینئر کوٹری بیراج ارشاد علی میمن ، ڈائریکٹر جنرل ادارہ ترقیات مسعود جمانی ، ڈائریکٹر سیڈا میر غلام علی تالپور ، ماہر آب ڈاکٹر احسن صدیقی ، ایم ڈی واسا کے علاوہ دیگر متعلقہ محکموں کے افسران نے شرکت کی، اجلاس میں عدالتی احکامات پر تشکیل دیئے جانے والے واٹر کمیشن اورپینے کے صاف پانی کی فراہمی کے لیے دی جانے والی ہدایات پر عملدرآمد کے متعلق تفصیلی غور کیاگیا۔

(جاری ہے)

اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے ڈویژنل کمشنر حیدرآباد سہیل راجپوت نے متعلقہ افسران کو ہدایت کی کہ عدالتی ا حکامات پر عملدرآمدکو یقینی بنایا جائے جبکہ عمل نہ کرنے والوں کے خلاف سخت قانونی کارروائی عمل میں لائی جائے انہوں نے مزید ہدایت کی کہ حیدرآباد شہر کی تینوں (واہوں) نہروں میں گندے پانی کا اخراج بند کیا جائے اور مویشیوں کی نہروں میں داخل ہونے پر بھی پابندی کو یقینی بنایا جائے انہوں نے مزید کہا کہ نہروں کے اطراف سے تجاوزات کا بھی ختم کیا جائے اور ان کے بندوں کو مضبو ط کیا جائے انہوں نے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے مزید کہا کہ عوام کو صاف پینے کا پانی اور صحت مند ماحول فراہم کرنا انتظامیہ کی اولین ذمے داری ہے اس ضمن میںکو ئی سمجھوتا نہیں کیا جائے گا اس موقع پر واٹر کمیشن کے معاملات کا تفصیلی جائزہ لیا گیا اور عملدرآمد کے متعلق تفصیلی رپورٹ پیش کرنے کی ہدایت کی گئی انہوں نے متعلقہ حکام کو ہدایت کی کہ شہر میں موجود مویشیوں کے باڑوں کو فوری طور پر کیٹل کالونی میں منتقل کرنے کو بھی یقینی بنایا جائے اور حیدرآباد شہر کے صنعتی یونٹس سے خارج ہونے والے زہریلے اور آلودہ پانی کو ٹریٹمنٹ پلانٹ کے ذریعے صاف کرنے کے متعلق بھی تفصیلی رپورٹ پیش کی جائے ۔