Live Updates

حمزہ شہباز شریف کی گورنر پنجاب ملک محمد رفیق رجوانہ سے ملاقات

اہل سیاست کو ضرور سیاست کرنی چاہئے لیکن ملک و قوم کی سلامتی اور خوشحالی ان کے ایجنڈے کا بنیادی نقطہ ہونا چاہئے‘رفیق رجوانہ جمہوری ادارے مضبوط ہورہے ہیں اور جمہوریت کا پہیہ رواں دواں ہے،کسی کو بھی کوئی ایسا قدم نہیں اٹھانا چاہئے جو ملک کے استحکام کے لئے نقصان دہ ثابت ہو‘گورنر پنجاب

جمعرات 30 مارچ 2017 20:19

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 30 مارچ2017ء) ممبر قومی اسمبلی اور مسلم لیگی رہنما حمزہ شہباز شریف نے گورنر ہائوس لاہور میں گورنر پنجاب ملک محمد رفیق رجوانہ سے ڈیڑھ گھنٹہ تفصیلی ملاقات کی جس میں ملک کی مجموعی سیاسی صورتحال، جنوبی پنجاب میں جاری ترقیاتی منصوبوں بالخصوص ملتان شہر کے اہم معاملات پر تبادلہٴ خیال کیا گیا۔ گورنر پنجاب نے کہا کہ اہل سیاست کو ضرور سیاست کرنی چاہئے لیکن ملک و قوم کی سلامتی اور خوشحالی ان کے ایجنڈے کا بنیادی نقطہ ہونا چاہئے۔

انہوں نے کہا کہ یہ انتہائی خوش آئند پہلو ہے کہ اب ملک ترقی و خوشحالی اور آسودگی کی جانب گامزن ہو چکا ہے ۔ جمہوری ادارے مضبوط ہورہے ہیں اور جمہوریت کا پہیہ رواں دواں ہے۔انہوں نے کہا کہ کسی کو بھی کوئی ایسا قدم نہیں اٹھانا چاہئے جو ملک کے استحکام کے لئے نقصان دہ ثابت ہو۔

(جاری ہے)

گورنر نے کہا کہ ہم پہلے دن سے عدلیہ کا احترام اور ان کے فیصلوں کو من و عن تسلیم کرتے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ مخالفین کو بھی بے مقصد احتجاج اور بے بنیاد الزامات سے باہر نکل کر عدلیہ کے فیصلے کا انتظار کرنا چاہئے۔ اس موقع پر حمزہ شہباز شریف نے کہا کہ پوری قوم مبارکباد کی مستحق ہے اور مًیں ان کے سیاسی اور جمہوری سوچ کو سلام پیش کرتا ہوں جنہوں نے ایک بار پھر سیاسی لال بھجکڑوں اور میلے ٹھیلے منانے والوں کی ’’ڈھنگ ٹپائو سیاست‘‘ کو مسترد کر دیا ہے۔

انہوں نے کہا کہ ہمارے قائد وزیر اعظم محمد نواز شریف سیاست میں خدمت، شرافت اور عظمت کے قائل ہیں اُن کی زبان سے آج تک بدترین مخالفوں کے لئے نازیبا الفاظ نہیں کہے گئے۔ حمزہ شہباز شریف نے کہا کہ جنوبی پنجاب کی ترقی اور یہاں کے عوام کی خوشحالی مسلم لیگ (ن) کی اولین ترجیحات میں شامل ہے اور صوبہ پنجاب کے دیگر شہروں کی طرح جنوبی پنجاب کے تمام شہروں میں میگا پروجیکٹس پر کام جاری ہے۔ انہوں نے کہا کہ گورنر پنجاب ملک محمد رفیق رجوانہ جو صوبے کے آئینی سربراہ ہیں ہمیشہ جنوبی پنجاب کی ترقی اور خوشحالی کے لئے اپنی تمام تر توانائیاں بروئے کار لارہے ہیں۔
Live وزیراعظم شہباز شریف سے متعلق تازہ ترین معلومات