پنجاب فوڈ اتھارٹی کوکنگ آئل اورگھی سیمپل مہم،145کمپنیوں کامال مارکیٹ سےغائب

250 کےقریب کمپنیوں میں سے105کمپنیوں کےسیمپل دستیاب،تمام کمپنیوں کو7دن کی مہلت،کمپنیوں کےسیمپل نہ آنےپرفروخت بندکردی جائیگی۔نورالامین مینگل

Sanaullah Nagra ثنااللہ ناگرہ جمعرات 30 مارچ 2017 19:48

پنجاب فوڈ اتھارٹی کوکنگ آئل اورگھی سیمپل مہم،145کمپنیوں کامال مارکیٹ ..
لاہور(اردوپوائنٹ اخبارتازہ ترین۔30مارچ2017ء) : پنجاب فوڈ اتھارٹی کی طرف سے کوکنگ آئل اور گھی سیمپل مہم جاری ہے جس کے تحت تمام کمپنیوں کے مارکیٹ میں فروخت ہونے والے برانڈز کے سیمپل لے کر لیبارٹری تجزیے کے لیے بھجوائے جا رہے ہیں۔لیبارٹری تجزیے کے نتائج کی روشنی میں میعار پر پورا اترنے والے پروڈکٹس کو مارکیٹ میں فروخت کی اجازت جبکہ باقی کی فروخت بند کر دی جائے گی۔

تاہم تازہ ترین صورت حال کے مطابق مارکیٹ میں فروخت ہونے والے250کے قریب پراڈکٹس میں سے 145 کمپنیوں کا مال مارکیٹ سے غائب ہے اور پنجاب فوڈ اتھارٹی کی کوشس کے باوجود مارکیٹ سے ان کے سیمپل دستیاب نہیں ہو سکے ہیں۔250 کے قریب کمپنیوں میں سے اب تک 105 کمپنیوں کے سیمپل اکٹھے کیے جا سکے ہیں۔اس حوالے سے ڈی جی فوڈ اتھارٹی نورالامین مینگل کا کہنا تھا کہ پنجاب فوڈ اتھارٹی جن کمپنیوں کے سیمپل اکٹھے کر چکی ہے ان کے نام اخبار میں مشتہر کر دیے گیے ہیں اور باقی تمام کمپنیوں کو 7 دن کی مہلت دی گئی ہے۔

(جاری ہے)

اخبار اشتہار کے علاوہ بناسپتی گھی اور کوکنگ آئل کمپنیوں کی نمائندہ تنظیم پاکستان وناسپتی مینو فیکچرر ایسوسی ایشن ( پی وی ایم اے) کو بھی مطلع کر دیا گیا ہے کہ 7 دن میں مارکیٹ میں جن کمپنیوں کامال دستیاب نا ہوا تو ان کا سیمپل فیل تصور کرتے ہوئے انکی فروخت پنجاب میں بند کر دی جائے گی۔علاوہ ازیں جن کمپنیوں کے سیمپل آ چکے ہیں ان کے تجزیے کے بعد فیل ہونے والوں کی فروخت بند کرنے کے علاوہ عوامی آگاہی کے لیے ان کے نام بھی مشتہر کیے جائیں گے۔

اس حوالے سے پاکستان وناسپتی مینو فیکچرر ایسوسی ایشن کے عہدے دار عمر اسلام نے بتایا کہ جن کمپنیوں کا مال مارکیٹ میں دستیاب نہیں ان کو مطلع کر دیا گیا ہے کہ اپنی مصنوعات کی مارکیٹ میں موجودگی عمل میں لاکر ڈسٹری بیوٹرزکی تفصیلات پنجاب فوڈ اتھارٹی کو پہنچائیں اور سیمپل کی دستیابی یقینی بنائیں ۔ اگر سیمپل کی دستیابی نا کی گئی تو پنجاب فوڈ اتھارٹی کے اقدامات کی مکمل حمایت کی جائے گی۔

متعلقہ عنوان :