سپریم کورٹ سے اختیارات لیں گے میدان چھوڑ کر نہیں بھاگوں گا، میئر کراچی

جمعرات 30 مارچ 2017 20:01

سپریم کورٹ سے اختیارات لیں گے میدان چھوڑ کر نہیں بھاگوں گا، میئر کراچی
کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔ 30 مارچ2017ء) میئرکراچی وسیم اخترنے کہا ہے کہ کراچی کے عوام نے مجھے مینڈیٹ دیا ہے اس لیے میدان چھوڑ کر نہیں بھاگوں گا اختیارات کے معاملے پر سپریم کورٹ جائیں گے۔ پچھلے 8 سالوں سے کراچی پر کوئی توجہ نہیں دی گئی، اگر اس شہر میں کبھی پیسا خرچ ہوا ہے تو وہ صرف پرویز مشرف کے دور میں ہوا ہے نا اس سے پہلے ہوا ہے نا بعد میں، یہ شہر پورے ملک اور سندھ کو چلاتا ہے، یہ معاشی حب ہے مگر اس کی بہتری کے لیے کوئی اقدامات نہیں کیے گئے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ کچرا اٹھانا میری ذمہ داری نہیں ہے، میرے پاس اس کے اختیارات نہیں ہیں، اس حوالے سے اختیارات وزیراعلیٰ سندھ کے پاس ہیں لیکن وہ اس پر سنجیدگی سے عمل ہی نہیں کررہے ہیں۔وسیم اختر کا کہنا تھا کہ وزیراعظم حیدر آباد گئے اچھے اعلانات کیے لیکن انہیں کراچی کو بھی دیکھنا چاہیے، کراچی کے حوالے سے اقدامات بھی کرنے چاہئیں جب کہ میں نے وزیراعظم کو خط بھی لکھا ہے میں جو کرسکتا تھا کیا ہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ اس انٹرویو کے ذریعے وزیراعظم کو پیغام دے رہا ہوں کہ آپ مجھے ملاقات کے لیے بلائیں، اگر پاکستان پییلزپارٹی اس شہر کو نہیں دیکھتی تووزیراعظم کی ذمہ داری بنتی ہے کہ وہ ان معاملات کو دیکھیں، سندھ کے ایسے بھی شہر ہیں جہاں 85 فیصد لوگوں کو پینے کا صاف پانی تک نہیں ملتا اور اگر ملتا بھی ہے تو وہ بھی گندا، یہ میں نہیں سپریم کورٹ کہہ رہی ہے۔

میئرکراچی نے کہا کہ وزیراعلیٰ سندھ خود قبول کرچکے ہیں کہ وہ کراچی کا کچرا اٹھانے میں ناکام ہوچکے ہیں لہٰذا اب اس حوالے سے وزیراعظم کو کوئی اقدام کرنا چاہیے۔ انہوں نے کہا کہ جماعت اسلامی، پی ٹی آئی، جے یو آئی اوراے این پی پیپلزپارٹی کی پالیسیوں کے خلاف ہیں اورمیرے ساتھ ہیں جب کہ ہماری پوری تیاری ہوچکی ہے ہم سپریم کورٹ کے دروازے پر جائیں گے اور اختیارات لیں گے، مجھے عوام نے مینڈیٹ دیا ہے میدان چھوڑ کر نہیں بھاگوں گا، مجھے پوری امید ہے کہ سپریم کورٹ ہمارے حق میں ہی فیصلہ دے گی۔

متعلقہ عنوان :