دین اسلام میں علمائے کرام کی قدر و منزلت مسلمہ ہے اور یہی وجہ ہے کہ صوبائی حکومت اُن کو درپیش مسائل کو اپنے مسائل سمجھتی ہے اور اُنہیں حل کرنے میں خصوصی دلچسپی لیتی ہے

خیبر پختونخوا کے وزیر مذہبی امور حاجی حبیب الرحمن کی وفد سے گفتگو

جمعرات 30 مارچ 2017 19:41

پشاور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔ 30 مارچ2017ء)خیبر پختونخوا کے وزیر برائے زکواة و اوقاف اور مذہبی امور حاجی حبیب الرحمن نے کہا ہے کہ دین اسلام میں علمائے کرام کی قدر و منزلت مسلمہ ہے اور یہی وجہ ہے کہ صوبائی حکومت اُن کو درپیش مسائل کو اپنے مسائل سمجھتی ہے اور اُنہیں حل کرنے میں خصوصی دلچسپی لیتی ہے۔یہ بات انہوں نے آج سول سیکرٹریٹ پشاور میں جمعیت علمائے پاکستان(نورانی گروپ)کے علمائے کرام کے ایک وفد سے بات چیت کرتے ہوئے کہی۔

حاجی حبیب الرحمن نے وفد کی جانب سے پیش کئے گئے مطالبات کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ وہ نورانی گروپ کے علمائے کرام کی زونل رویت ہلال کمیٹی میں نمائندگی کے حق میں ہیں او ر انشائلله اس ضمن میں متعلقہ فورم پر بہت جلد بات اٹھا ئی جائے گی اور ضروری ہدایات بھی جاری کی جائیں گی۔

(جاری ہے)

انہوںنے کہا کہ حکومت دینی مدارس کو مالی امداد بھی فراہم کرتی ہے تاہم اس کے لئے ضروری ہے کہ مدارس رجسٹرڈ ہوں بصورت دیگرقواعد کے تحت غیر رجسٹرڈ مدارس کی مالی امداد نہیں کی جاسکتی۔

انہوں نے مزید کہا کہ انہوں نے اب تک صوبے کے سینکڑوں مدارس کی مالی معاونت کی ہے اور کسی مدرسہ کے ساتھ امتیازی سلوک روا نہیں رکھا بلکہ سب کے ساتھ مساوی رویہ اختیار کیا ہے۔صوبائی وزیر نے علمائے کرام کو تاکید کی کہ وہ اپنے خطبات میں فرقہ وارنہ ہم آہنگی کو فروغ دیں کیونکہ دین اسلام تفرقہ بازی کی اجازت نہیں دیتا۔