غریب عوام کو پری پلان مہنگائی اور لوڈشیڈنگ کے ذریعے ذہنی کرب میں مبتلا کر دیا گیا ہے، ایمل ولی خان

جمعرات 30 مارچ 2017 19:41

پشاور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔ 30 مارچ2017ء) عوامی نیشنل پارٹی کے صوبائی ڈپٹی جنرل سیکرٹری ایمل ولی خان نے صوبے کی مجموعی مخدوش صورتحال پر انتہائی تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ غریب عوام کو پری پلان مہنگائی اور لوڈشیڈنگ کے ذریعے ذہنی کرب میں مبتلا کر دیا گیا ہے،اپنے ایک بیان میں انہوں نے کہا کہ ایک ماہ سے جاری مہنگائی کے طوفان نے عوام کی کمر توڑ کر رکھ دی لیکن نہ تو صوبائی حکومت نے کوئی نوٹس لیا اور نہ ہی ضلعی انتظامیہ حرکت میں آئی اور یہ سلسلہ ہنوز جاری ہے، انہوں نے کہا کہ موسم گرما کے آغاز سے قبل ہی بجلی کی ظالمانہ اور نا روا لوڈ شیڈنگ نے عوام کو ذہنی مریض بنا دیا ہے جبکہ مرکزی حکومت روزانہ لوڈ شیڈنگ خاتمے کے دعوے کرتے نہیں تھکتی، انہوں نے کہا کہ صوبائی حکومت زبانی جمع خرچ سے 350ڈیمز تعمیر کرنے میں لگی ہے تاہم اگر اے این پی دور کے منصوبوں پر کام مکمل کیا جائے تو لوڈ شیڈنگ کا مسئلہ ہمیشہ کیلئے حل کیا جا سکتا ہے،انہوں نے کہا کہ دونوں حکومتیں عوام کے ساتھ مذاق کرنے میں مصروف ہیں اور انہیں عوامی مسائل سے کوئی سروکار نہیں ہے ، انہوں نے کہا کہ اگر حکمران سنجیدہ ہوتے اور بجلی بحران پر قابو پانے کیلئے عملی اقدامات کئے جاتے تو سی پیک منصوبے میں 35ارب ڈالر کی خطیر رقم پانی سے سستی اور فوری بجلی پیدا کرنے کے منصوبوں پر کام شروع ہو جانا چاہئے تھا،انہوں نے کہا کہ ملک میں بجلی بحران اور مہنگی بجلی نے ہمارے کاروبار زندگی اور معیشت کو کمزور کر دیا ہے،لیکن حکمران اپنے سیاسی و ذاتی مقاصد کیلئے سرگرم ہیں اور مفاد عامہ و ملکی مفاد کو ظاطر میں نہیں لاتے، صوبائی ڈپٹی جنرل سیکرٹری نے کہا کہ سی پیک منصوبے میں بجلی منصوبوں کیلئے مختص 35ارب ڈالرز کوئلے کی بجائے پانی سے بجلی پیدا کرنے پر لگائی جائے تو اس سے سیلاب کی تباہ کاریوں سے نمٹنے اور عوام کو سستی بجلی فراہم کرنے میں مدد ملے گی،اور اس کے ساتھ ساتھ نئے کارخانے لگائے جا سکتے ہیں جس سے روزگار کے مواقع پیدا ہو نگے اور معیشت بھی مضبوط ہو گی۔

(جاری ہے)

انہوں نے مزید کہا کہ خیبر پختونخوا میں پانی سے بجلی پیدا کرنے کے بے شمار مواقع موجود ہیں لیکن بدقسمتی سے مرکزی حکومت توجہ نہیں دے رہی اور صوبائی حکومت غیر ذمہ دار اور غیر سنجیدہ ہے،انہوں نے کہا کہ وقت گزرنے کے ساتھ ساتھ بجلی کی طلب میں اضافہ اور پیداور میں کمی کا خمیازہ عوام کو بھگتنا پڑ رہا ہے ، انہوں نے کہا کہ مرکزی و صوبائی حکومت مل کر اے این پی دور حکومت کے شروع کردہ منصوبوں کی تکمیل یقینی بنائیں اور دونوں کو اس سلسلے میں عملی اقدامات اٹھانے چاہئیں۔ایمل ولی خان نے کہا کہ مہنگائی کا جن بوتل سے باہر آئے ایک ماہ سے زائد عرصہ گزر چکا ہے لہٰذا حکمران ہوش کے ناخن لیں اور غریب عوام پر عرصہ حیات تنگ کرنے کی بجائے انہیں سہولیات کی فراہمی کیلئے اقدامات کریں۔

متعلقہ عنوان :