آئی ڈی پیز کی مردم شماری میں شرکت کا طریقہ کار وضع کیا جائے، پختونوں کی درست تعداد کا اندراج کر کے انہیں وسائل منصفانہ انداز میں پہنچانے کیلئے ہر ممکن کو شش کی جائے

عوامی نیشنل پارٹی کے صوبائی ترجمان ہارون بشیر بلور کا بیان

جمعرات 30 مارچ 2017 19:41

آئی ڈی پیز کی مردم شماری میں شرکت کا طریقہ کار وضع کیا جائے، پختونوں ..
پشاور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔ 30 مارچ2017ء) عوامی نیشنل پارٹی کے صوبائی ترجمان ہارون بشیر بلور نے کہا ہے کہ دہشت گرودں کیخلاف آپریشن کے نتیجے میں بے گھر ہونے والے لاکھوں آئی ڈی پیز کی مردم شماری میں شرکت کا طریقہ کار وضع کیا جائے اور پختونوں کی درست تعداد کا اندراج کر کے انہیں وسائل منصفانہ انداز میں پہنچانے کیلئے ہر ممکن کو شش کی جائے، اپنے ایک بیان میں انہوں نے کہا کہ فاٹا کے صوبے میں انضمام کے بعد اب وہاں کے عوام کو بھی مردم شماری میں شامل کیا جانا چاہئے کیونکہ ماضی میں بوگس اور غلط اندراج کی وجہ سے قبائلی عوام اپنے حقوق سے محروم رکھے گئے، اُنہوں نے کہا کہ اس معاملے پر اب زیادہ گہری نظر رکھنا ہوگی کیونکہ فاٹا بھی مردم شماری کے دھارے میں صوبے کے ساتھ شامل ہو رہا ہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے مزید کہا کہ مردم شماری کا طریقہ کار واضح کیا جانا چاہئے اور یہ کہ گھرانے کے صرف سربراہ کا کارڈ ضروری سمجھنے کی بجائے گھر کے تمام افراد کا درست اور شفاف اندراج کیا جائے تاکہ پختونوں کی درست آبادی ریکارڈ پر آ سکے ،فاٹا کے صوبے میں انضمام کے حوالے سے انہوں نے کہا کہ سفارشات کی منظوری کے بعد طریقہ کار سمجھ سے بالاتر ہے اور ایسا دکھائی دیتا ہے کہ 5اور 10سال کا عرصہ صرف اسے صوبے میں شامل نہ کرنے کیلئے ہی دیا گیا ہے جو کسی صورت بھی جائز نہیں ، انہوں نے کہا کہ فاٹا کے صوبے میں ضم کرنے کے حوالے سے تمام اختیارات گورنر کو سپرد کر دئے گئے ہیں جبکہ اس میں صوبائی حکومت کو بھی شامل کیا جا نا چاہئے تھا، انہوں نے کہا کہ فاٹا کو جلد از جلد صوبے میں ضم کر کے وہاں2018کے الیکشن کیلئے راہ ہموار کی جائے تاکہ شکوک شبہات کا خاتمہ ہو سکے۔