آصف علی زرداری نے میگا کرپشن کیس میں ضمانت پر رہائی حاصل کرنے والے شرجیل میمن کو دوبارہ وزیراطلاعات سندھ لگانے کے بارے میں مشاورت شروع کردی

Mian Nadeem میاں محمد ندیم جمعرات 30 مارچ 2017 19:21

آصف علی زرداری نے میگا کرپشن کیس میں ضمانت پر رہائی حاصل کرنے والے شرجیل ..
ا سلام آباد(اردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین-انٹرنیشنل پریس ایجنسی۔30 مارچ۔2017ء) سابق صدر آصف علی زرداری نے میگا کرپشن کیس میں ضمانت پر رہائی حاصل کرنے والے شرجیل میمن کو دوبارہ وزیراطلاعات سندھ لگانے کے بارے میں مشاورت شروع کردی ہے-ذمہ دار ذرائع کے مطابق شرجیل میمن نے لاہور میں آصف علی زرداری سے خصوصی ملاقات میں سندھ کابینہ میں وزیراطلاعات کی ذمہ داریاں دیئے جانے کی درخواست کی جس پر آصف علی زرداری نے وزیرسندھ مراد علی شاہ سمیت پارٹی کے اہم راہنماﺅں سے مشورہ مانگا ہے-ذرائع کا کہنا ہے کہ پارٹی کے بعض راہنماﺅں کا خیال ہے کہ ابھی شرجیل میمن کے کیس کا فیصلہ نہیں ہوا اور انہیں صرف ضمانت ملی ہے لہذا ایسی صورتحال میں انہیں سندھ کابینہ میں وزیرلگانے سے عوامی حلقوں میں پارٹی کا تاثرخراب ہوگا جبکہ پارٹی کے سندھ سے تعلق رکھنے والے راہنماﺅں کا خیال ہے کہ ”طاقتور“حلقوں کو زوردار جواب دینے کے لیے ضروری ہے کہ شرجیل میمن کو فوری طور پر صوبائی وزیربنادیا جائے-پارٹی ذرائع کا کہنا ہے کہ آئندہ ہفتے کے دوران اس سلسلہ میں اہم پیش رفت ہوسکتی ہے-