شہبازشریف نے داخلہ مہم 2017 کا افتتاح پہلی بار جدید ٹیکنالوجی ٹیبلٹ کے ذریعے کیا

بچوں کے نام درج کئے ، داخلہ سرٹیفکیٹس، سکول بیگز اور کتابیں دیں، بچوں کو پیار کیا اور گود میں اٹھایا پرجوش تقریریں کرچکا ، سکولوں میں بچوں سے صفائی، مالی اور دیگر کام لینا ظلم ہے،وزیراعلیٰ پنجاب

جمعرات 30 مارچ 2017 19:33

شہبازشریف نے داخلہ مہم 2017 کا افتتاح پہلی بار جدید ٹیکنالوجی ٹیبلٹ کے ..
لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔ 30 مارچ2017ء) وزیراعلیٰ پنجاب شہباز شریف نے صوبے کے سکولوں میں بچوں اور بچیوں کی داخلہ مہم 2017 کا افتتاح پہلی بار جدید ٹیکنالوجی کا استعمال کرتے ہوئے ٹیبلٹ کے ذریعے کیا۔ *وزیراعلیٰ نے داخلہ مہم کے لئے ٹیبلٹ کے ذریعے بچے اور بچی کے نام درج کئے اور انہیں سکولوں میں داخلے کے سرٹیفکیٹس، سکول بیگز اور کتابیں دیں۔

*وزیراعلیٰ نے بچوں کو پیار کیا اور گود میں اٹھایا۔ *وزیراعلیٰ نے ایک موقع پر کہا کہ میں پچھلے چند دنوں میں کچھ پرجوش تقریریں کرچکا ہوں اور کچھ روز قبل طبیعت بھی ٹھیک نہیں تھی لیکن اس کے باوجود میں جنوبی پنجاب کے ضلع لودھراں گیا۔ اللہ تعالیٰ کے فضل سے اب طبیعت ٹھیک ہے۔ *وزیراعلیٰ نے بعض سکولوں میں بچوں سے صفائی، مالی اور دیگر کام لینے کے واقعات کو ظلم قرار دیتے ہوئے کہا کہ زندہ معاشرے میں اس طرح کے واقعات کی کوئی گنجائش نہیں کہ ایک بچہ ٹیچر کی دوکان پر بیٹھا گاہکوں کو ڈیل کر رہا ہو۔

(جاری ہے)

اگر ہم ایسے واقعات کی تصویرکشی میں اپنے بچوں کو شامل کریں تو سارا معاملہ حل ہو جائے اور ایسے واقعات نہ ہوں۔ گزشتہ برس داخلہ مہم کے دوران نرسری میں داخلہ حاصل کرنے والی بچی فاطمہ جو کہ اب پہلی جماعت کی طالبہ ہے، نے کہا کہ وزیراعلیٰ صاحب! آپ نے مجھے گزشتہ برس سکول میں داخل کرایا تھا اور اب میں گورنمنٹ پرائمری گرلز سکول پنڈی راجپوتاں میں پڑھ رہی ہوں۔

میں آپ کا شکریہ ادا کرتی ہوں اور میری درخواست ہے کہ آپ آئندہ بھی ہماری اسی طرح مدد کریں اور فری داخلہ، کتابیں اور کمپیوٹر دیں تاکہ ہم اعلیٰ تعلیم حاصل کرسکیں۔ وزیراعلیٰ نے بچی کو اپنے پاس بلایا اور اسے گود میں اٹھا کر پیار کرتے ہوئے کہا کہ فاطمہ بیٹی! میں آپ جیسی بیٹیوں کو تعلیم دلانے کیلئے جان لڑا دوں گا۔ ایک بچی کی والدہ نذیراں بیگم نے کہا کہ میری 5 بیٹیاں اور ایک بیٹا ہے، میرے لئے انہیں پڑھانا ایک مسئلہ تھا لیکن سرکاری سکول میں جب میری پہلی بیٹی گئی تو اچھا ماحول دیکھ کر میری باقی بیٹیاں بھی اب تعلیم حاصل کر رہی ہیں۔

ہم آپ سے بہت خوش ہیں اور شکریہ ادا کرتے ہیں۔ *وزیراعلیٰ پنجاب محمد شہبازشریف نے عام آدمی کیلئے تعلیم، صحت اور دیگر بنیادی سہولتوں کی فراہمی میں عدم مساوات پر اشرافیہ پر کڑی تنقید کی اورکہا کہ آئیے آج وعدہ کرلیں یہ سارا نظام بدلیں گے اور یہ سارا نظام سب کیلئے یکساں ہوگا۔ امیر کا پاکستان اور غریب کا پاکستان دفن کر دیں*وزیراعلیٰ نے تقریب کے اختتام پر بچوں کے ساتھ مل کر نغمہ گنگنایا۔