اسلام آباد کے تعلیمی اداروں میں کمپیوٹر ایجوکیشن شروع کرنے کیلئے وزارت کیڈ، وزارت آئی ٹی اور مائیکرو سافٹ کے درمیان مفاہمتی یاداشت پر دستخط، 150 سے زائد تعلیمی اداروں میں کمپیوٹر لیب قائم کی جائیں گی

پاکستان نے ڈیجیٹل ملک بننے کی طرف سفر شروع کر دیا ، بہت جلد دنیا کی 20بہترین معیشتوں میں شامل ہوجائے گا،آئندہ ایک سال میں پاکستان سے لوڈشیڈنگ کا خاتمہ ہوجائے گا،تمام سیاسی جماعتیں معاشی پالیسیوںپر متحد ہو جائیں، سیاست کو عبادت سمجھتے ہیں،عالمی ادارے روشن پاکستان کی پیشگوئی کررہے ہیں،قومی قیادت ملک کو ترقی یافتہ بنانے کیلئے پرعزم ہے،ترقی کے اہداف کے حصول کیلئے سب کو مل کر کام کرنے کی دعوت دیتے ہیں، وزیر خزانہ اسحاق ڈار کا تقریب سے خطاب طالبات کو نئی ٹیکنالوجی کے استعمال کا طریقہ سکھائیں گے، انوشہ ، دسمبر2017 تک اسلام آباد کے اسکولوں کا معیار نجی اسکولوں کے ہم پلہ کریں گے، طارق فضل

جمعرات 30 مارچ 2017 19:33

اسلام آباد کے تعلیمی اداروں میں کمپیوٹر ایجوکیشن شروع کرنے کیلئے ..
اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔ 30 مارچ2017ء) اسلام آباد کے تعلیمی اداروں میں کمپیوٹر ایجوکیشن شروع کرنے کیلئے وزارت کیڈ، وزارت آئی ٹی اور مائیکرو سافٹ کے درمیان مفاہمتی یاداشت پر دستخط،معاہدے کے تحت اسلام آباد کے ڈیڑھ سو سے زائد تعلیمی اداروں میں کمپیوٹر لیب قائم کی جائیں گی، وزیر خزانہ اسحاق ڈار نے کہا ہے کہ پاکستان نے ڈیجیٹل ملک بننے کی طرف سفر شروع کر دیا ہے، بہت جلد پاکستان دنیا کی 20بہترین معیشتوں میں شامل ہوجائے گا،آئندہ ایک سال میں پاکستان سے لوڈشیڈنگ کا خاتمہ ہوجائے گا،تمام سیاسی جماعتیں معاشی پالیسیوں پر متحد ہو جائیں،ہم سیاست کو عبادت سمجھ کر کرتے ہیں،عالمی ادارے روشن پاکستان کی پیش گوئی کررہے ہیں،پاکستان کی قیادت ملک کو ترقی یافتہ بنانے کیلئے پرعزم ہے،ترقی کے اہداف کے حصول کیلئے سب کو مل کر کام کرنے کی دعوت دیتے ہیں، وزیر مملکت برائے آئی ٹی انوشہ رحمان نے کہا کہ آج کی بچیاں کل کی مائیں ہیں، انہیں ٹیکنالوجی کی بدلتی ہوئی دنیا سے روشناس کروانا ہے،دس سال میں دس لاکھ بچیوں کو کمیپوٹر کی تربیت کے مختلف پروگرام جاری ہیں، وزیراعظم کا ملک کی بچیوں کو تعلیم کی فراہمی کا وژن واضح ہے،ہم طالبات کو نئی ٹیکنالوجی کے استعمال کا طریقہ سکھائیں گے، وزیر مملکت برائے کیڈ ڈاکٹر طارق فضل چوہدری نے کہا کہ اسکولوں اور اساتذہ کی اپ گریڈیشن وزیر اعظم کے ایجوکیشن ریفارمز پروگرام کا حصہ ہے، دسمبر2017 تک اسلام آباد کے اسکولوں کا معیار نجی اسکولوں کے ہم پلہ کریں گے۔

(جاری ہے)

وہ جمعرات کو اسلام آباد کے 107سکولوں کو کمپیوٹرائزڈ کرنے کے معاہدے کی تقریب سے خطاب کر رہے تھے۔ مفاہمتی یاداشت پر دستخط کی تقریب وزارت آئی ٹی میں منعقد ہوئی ، تقریب کے مہمان خصوسی وزیر خزانہ اسحاق ڈار تھے۔ وزارت کیڈ، وزارت آئی ٹی اور مائیکرو سافٹ کے درمیان ہونے والے معاہدے کے تحت اسلام آباد کے ڈیڑھ سو سے زائد تعلیمی اداروں میں کمپیوٹر لیب قائم کی جائیں گی۔

تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وفاقی وزیر خزانہ اسحاق ڈار نے کہا کہ آج کا معاہدہ ہم سب کیلئے انتہائی خوش آئند ہے،پاکستان کو ڈیجیٹل ملک میں تبدیل کریں گے،پاکستان کو ترقی یافتہ ملک کے طورپر آگے لے کر جانا ہے،موجودہ دور کے تقاضوں میں پاکستان کا ڈیجیٹل ہونا ناگزیر ہے۔انہوں نے کہاکہ کینیڈا اور اٹلی سے زیادہ پاکستان سرمایہ کاروں کے لیے پرکشش بن رہا ہے، بہت جلد پاکستان دنیا کی 20بہترین معیشتوں میں شامل ہوجائے گا،پاکستان نے گذشتہ تین سال میں بہت سی کامیابیاں حاصل کی ہیں،پاکستان کی معیشت کو قلیل مدت میں بحال کیا ہے۔

اسحاق ڈار نے کہا کہ آئندہ ایک سال میں پاکستان سے لوڈشیڈنگ کا خاتمہ ہوجائے گا،منشور کے نکات پر پوری دلجمعی سے کام کر رہے ہیں،ڈیجیٹل تعلیم مسلم لیگ (ن) کے منشور کا حصہ ہے،تمام پروگرامز کا مقصد پاکستان کو ترقی یافتہ بنانا ہے۔انہوں نے کہا کہ پاکستان کی قیادت ملک کو ترقی یافتہ بنانے کیلئے پرعزم ہے،پہلے مرحلے میں 33ہزار طالبات کو تربیت دی جائے گی،ترقی کے اہداف کے حصول کیلئے سب کو مل کر کام کرنے کی دعوت دیتے ہیں،طالبات کو کمپیوٹر کی تعلیم دینے کیلئے 90سے زائد اساتذہ کو تربیت دی جاچکی ہے۔

انہوں نے کہا کہ عالمی ادارے روشن پاکستان کی پیش گوئی کررہے ہیں، ساڑھے تین سال میں بہت کامیابیاں حاصل کی ہیں، ماضی میں پاکستان کے دیوالیہ ہونے کی باتیں ہورہی تھیں، سیاست کو عبادت سمجھ کر تے ہیں، دنیا بھر کے معاشی ماہرین کے لیے پاکستان جاذب نظر ہے، مسلم لیگ (ن)کا ایجنڈا صرف پاکستان کا ایجنڈا ہے کوئی ذاتی ایجنڈا نہیں، ترقی سے ثمرات عوام تک پہنچنے میں وقت لگتا ہے ، تمام سیاسی جماعتیں معاشی پالیسیز پر متحد ہو جائیں۔

تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وزیر مملکت انوشہ رحمان نے کہا کہ سکولوں کو آئی ٹی ٹیکنالوجی سے ہم آہنگ کرنے کا عزم لے کر چل رہے ہیں،ٹیکنالوجی کے اس دور میں لوگ گھروں میں بیٹھ کر روزگار حاصل کرسکتے ہیں، وزیراعظم کا ملک کی بچیوں کو تعلیم کی فراہمی کا وژن واضح ہے۔انہوں نے کہا کہ ہم طالبات کو نئی ٹیکنالوجی کے استعمال کا طریقہ سکھائیں گے،خواتین مردوں کے شانہ بشانہ ملکی ترقی میں حصہ لیں گی،بچوں کو کمپیوٹر کی تعلیم دینے کیلئے اساتذہ کی تربیت کی جارہی ہے۔

بچیاں کل کی مائیں ہیں، انہیں ٹیکنالوجی کی بدلتی ہوئی دنیا سے روشناس کروانا ہے،ٹیکنالوجی کی دنیا تک رسائی بچوں کے ساتھ بچیوں کو بھی دینا ہے، ہم نے آئی ٹی پروگرام کو چار سال کی بچی سے شروع کرنے کی تجویز دی ہے، آئندہ دس سال میں تقریبا دس لاکھ بچیاں تربیت حاصل کر کے نکلیں گی، یہ پروگرام پورے پاکستان میں شروع کریں گے۔، کوشش ہے کہ دس لاکھ بچوں کو فری لانسنگ کی تربیت کا پروگرام شروع کریں گے، نبچوں کو چھٹی کلاس کی بجائے پرائمری اسکولوں سے کمپیوٹر کی تربیت دی جائے۔

تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وزیر مملکت برائے کیڈ ڈاکٹر طارق فضل چوہدری نے کہا کہ اسلام آباد کے 170 سکولوں میں طالبات کیلئے لیب تعمیر کی جائیں گی، اسکولوں اور اساتذہ کی اپ گریڈیشن وزیر اعظم کے ایجوکیشن ریفارمز پروگرام کا حصہ ہے، دسمبر2017 تک اسلام آباد کے اسکولوں کا معیار نجی اسکولوں کے ہم پلہ بنائیں گے،اسلام آباد کے اسکولوں میں سہولتوں کی کمی تھی،معاہدے کے تحت اسکولوں میں آئی ٹی کی سہولیات بہترہوں گی۔(ار)