آصف علی زرداری کا ڈاکٹر طاہر القادری کوفون ،خیریت دریافت کی، ملکی حالات پر تبادلہ خیال

ماڈل ٹائون میں پنجاب پولیس نے شریف برادران کی پرائیویٹ ملیشیا کا کردار ادا کیا:سربراہ عوامی تحریک شہید کارکنوں کے ورثاء کو انصاف اورباقر نجفی کمیشن کی رپورٹ پبلک ہونی چاہیی:آصف علی زرداری

جمعرات 30 مارچ 2017 19:09

آصف علی زرداری کا ڈاکٹر طاہر القادری کوفون ،خیریت دریافت کی، ملکی ..
لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 30 مارچ2017ء) پاکستان عوامی تحریک کے سیکرٹری جنرل خرم نواز گنڈاپور نے کہا ہے کہ سابق صدر آصف علی زرداری نے گزشتہ رات سربراہ عوامی تحریک ڈاکٹر محمد طاہر القادری کو ٹیلیفون کیا اور ان کی خیریت دریافت کی ۔ انہوں نے بتایا دونوں رہنمائوں نے ملکی صورت حال پر بھی تبادلہ خیال کیا، ڈاکٹر طاہر القادری نے گفتگو کے دوران سانحہ ماڈل ٹائون کے حوالے سے گفتگو کی اور کہا کہ 17 جون 2014 ء کے دن پنجاب پولیس نے شریف برادران کی پرائیویٹ ملیشیا کا کردار ادا کیا‘ انہوں نے کہا کہ عوامی تحریک سانحہ ماڈل ٹائون کے انصاف بشکل قصاص کے لیے قانونی جدوجہد کررہی ہے‘ ہمارے بے گناہ کارکنوں کے قاتل شریف برادران ہیں‘ جو اس وقت ریاستی طاقت اور عہدوں کے پیچھے چھپے ہوئے ہیں‘ ملک میں انصاف اور قانون کی حکمرانی کیلئے سانحہ ماڈل ٹائون کا انصاف ناگزیر ہے‘ انہوں نے کہا کہ 17 جون 2014 ء کے دن ریاستی ادارے پولیس نے شریف برادران کی ہدایت پر انسانوں کا شکار کھیلا۔

(جاری ہے)

100 سے زائد افراد کو گولیوںسے چھلنی کیا جن میں 14شہید ہو گئے اور بیشتر معذورہیں‘ بربریت اور سفاکیت کے یہ تمام مناظر کیمرے کی آنکھ میں محفوظ ہیں اس کے باوجود ہم سے ثبوت مانگے جارہے ہیں اور اڑھائی سال گزر جانے کے بعد بھی ماسٹر مائنڈز سے کوئی سوال تک نہیں کیا گیا۔ انہوں نے کہا کہ ہم ہر فورم پر مطالبہ کر چکے ہیں کہ جسٹس باقر نجفی کمیشن کی رپورٹ منظر عام پر لائی جائے ۔

سابق صدر آصف علی زرداری نے کہا کہ سانحہ ماڈل ٹائون انسانی حقوق کی سنگین خلاف ورزی کا معاملہ ہے جسے نظر انداز نہیں کیا جا سکتا۔ ماڈل ٹائون میں قتل کیے جانے والے کارکن ریاست پاکستان کے شہری تھے انہیں انصاف ملنا چاہیے اور جسٹس باقر نجفی کمیشن کی رپورٹ پبلک ہونی چاہیے۔ انہوں نے کہا کہ پیپلز پارٹی نے بہت لاشیں اٹھائیں، ظلم سہے اس لیے ہمارے نزدیک ہر سیاسی جماعت کا کارکن قابل احترام ہے اور اسے حکومت پر تنقید کرنے اور اپنی رائے دینے کا حق ہے ۔

ہم نے ہمیشہ حزب مخالف کی رائے کا احترام کیا مگر پنجاب میںآزادی اظہار رائے کے حق کو استعمال کرنے والے سیاسی کارکنوں کو حکومتی جبر کا نشانہ بنایاجاتا ہے ۔انہوں نے کہا کہ پیپلز پارٹی نے ہمیشہ سیاسی و جمہوری حقوق کے تحفظ کی جنگ لڑی اور ہر قسم کے ظلم کے خلاف صدائے احتجاج بلند کی اور اس کی قیمت بھی ادا کی۔ انہوں نے کہا کہ قتل کیے جانے والے بے گناہ کارکنوں کے انصاف کے حصول کی جدوجہد میں ہم ڈاکٹر طاہر القادری اور ان کے کارکنوں کے ساتھ ہیں