ملک میں کرپشن عروج پر پیپلز پارٹی کے حکمران سندھ کو لوٹ کھسوٹ رہے ہیں، سید زین شاہ

حیدرآباد کی بیس ہزار ایکٹر سرکاری زمین بیچ کر شرجیل میمن دبئی اور لندن گھوم کر واپس آگئے اور اب عوام کی لوٹی ہوئی اربوں روپے کی دولت سنبھال کر آزادی سے گھوم رہے ہیں، سینئر نائب صدر سندھ یونائیٹڈ پارٹی

جمعرات 30 مارچ 2017 19:01

نواب شاہ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 30 مارچ2017ء) ملک میں کرپشن عروج پر ہے پیپلز پارٹی کے حکمران سندھ کو لوٹ کھسوٹ رہے ہیں حیدرآباد کی بیس ہزار ایکٹر سرکاری زمین بیچ کر شرجیل میمن دبئی اور لندن گھوم کر واپس آگئے اور اب عوام کی لوٹی ہوئی اربوں روپے کی دولت سنبھال کر آزادی سے گھوم رہے ہیں جو کہ افسوسناک بات ہے۔ ان خیالات کا اظہار سندھ یونائیٹڈ پارٹی کے سینئر نائب صدر سید زین شاہ نے میڈیا سے بات کرتے ہوئے کیا انہوں نے کہا کہ ایک عام آدمی بنک کا معمولی قرض نہ دے تو اس کی جائیداد ضبط ہوجاتی ہے اسے جیل بھیج دیا جاتا ہے جبکہ اربوں روپے لوٹنے والے لٹیرے کھلے عام گھوم رہے ہیں مگر نیب اور اینٹی کرپشن کے حکام کی کانوں پر جوں بھی نہیں رینگ رہی قانون صرف کمزور اور غریب لوگوں کے لئے ہے طاقتور اور اربوں کی لوٹ مار کرنے والوں کے لئے آزادی اور سرکاری پروٹوکول ملتا ہے۔

(جاری ہے)

سید زین شاہ نے کہا کہ پیپلز پارٹی 2008ء سے سندھ میں برسر اقتدار ہے لیکن سندھ کے عوام کو نہ تو پینے کا صاف پانی، تعلیم اور صحت کی سہولیات میسر ہیں جبکہ یہاں کا پڑھا لکھا طبقہ مزدور ی کرنے پر مجبور ہے تو دوسری جانب سیاسی بنیادوں پر اپنے من پسند لوگوں کو ملازمتیں دی جارہی ہیںانہوں نے کہا پیپلز پارٹی کے کرپشن کی کہانی بچے بچے کی زبان پر ہے پی پی نے سندھ کے عوام کو سوائے دکھ، بے روزگاری اور بھوک کے علاوہ کچھ نہیں دیا سنہرے خواب دیکھا کر اربوں روپے ہڑپ کرلئے گئے اور آج بھی سندھ کے عوام کی حالت دیکھ کر دکھ ہوتا ہے ۔

انہوں نے کہا کہ اب اٹھ کھڑا ہونے کا وقت ہے سندھ کی عوام کو اپنے حقوق کے لئے اٹھنا ہوگا لٹیروں اور کرپشن مافیا سے جان چھڑانی ہوگی سندھ کے حکمران غریب عوام کا پیسہ لوٹ کر دبئی ، لندن میں محلات بنا رہے ہیں اب 2018 ء کے انتخابات میں تبدیلی آئے گی عوام پیپلز پارٹی کے فریب میں نہیں آئیں گے۔اس موقع پر سندھ یونائیٹڈ پارٹی کے ڈویزنل صدر فلک شیر اوڈ، عمران علی کیریو، فیروز خاصخیلی اور دیگر بھی موجود تھے۔#