اقوام متحدہ بھارت کو کشمیریوں کی نسل کشی سے روکے ،پاکستان

بھارت پاکستان میں دہشتگردی کی کارروائیوں میں ملوث ہے جسکا واضح ثبوت کلبھوشن یادیو کی گرفتاری ہے عالمی برادری مقبوضہ کشمیر بھارتی مظالم اور انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں کا نوٹس لے مسلمان ممالک کے فوج کے اتحاد کا مقصد انسداد دہشتگردی ہے ،ترجمان دفتر خارجہ نفیس ذکریا کی ہفتہ وار بریفنگ

جمعرات 30 مارچ 2017 18:45

اقوام متحدہ بھارت کو کشمیریوں کی نسل کشی سے روکے ،پاکستان
اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 30 مارچ2017ء) ترجمان دفتر خارجہ نفیس زکریا نے کہا ہے کہ بھارت مقبوضہ میں کشمیریوں کی نسل کشی کر رہا ہے ۔ اقوام متحدہ اور عالمی برادری بھارت کو انسانی حقوق کی سنگین خلاف ورزیوں سے روکے اور کشمیریوں کو حق خودارادیت دینے کے لئے بھارت پر دبائو ڈالے ۔بھارت پاکستان میں دہشتگردی کی کارروائیوں میں ملوث ہے ۔

پاکستان کے ساتھ بھارت کی جانب سے کرکٹ نہ کھیلنے کے حوالے سے ترجمان نے کہا کہ دونوں مالک کو ایک دوسرے سے بات چیت کا سلسلہ جاری رکھنا چاہئے ورنہ مسائل حل نہیں ہوں گے ۔ پاکستان سعودی عرب کی جانب سے بنائی گئی مسلمان ممالک کے اتحاد کا حصہ ہے اور مسلمان ممالک کے فوج کے اتحاد کا مقصد انسداد دہشتگردی ہے ۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے جمعرات کو میڈیا کو ہفتہ روزہ بریفنگ دیتے ہوئے کیا ۔

(جاری ہے)

نفیس زکریا نے کہا کہ بھارتی فورسز نے مقبوضہ کشمیر میں مایک جنازہ پر فائرنگ کی ۔ جس سے تین کشمیریوں کو شہید کیا گیا جس سے حالیہ دنوں میں کشمیری شہیدوں کی تعداد 150 سے زائد ہو گئی ہے انہوں نی کہا کہ 10 ہزار کے قریب کشمیریوں کو مختلف اوقات میں گرفتار کیا گیا اور 11 ہزار سے زائد کشمیریوں کو پیلٹ گن سے ان کی آنکھیں زخمی کی گئی ہیں ۔ انہوں نے کہا کہ اس وقت مسلم ممالک کی تنظیم او آئی سی کو انسانی حقوق سے متعلق مشن آزاد جموں و کشمیر کا دورہ کر رہا ہے جبکہ بھارت کی جانب سے اس مشن کو مقبوضہ کشمیر میں بھارت کی جانب سے اجازت نہ دینا قابل افسوس عمل ہے ۔

انہوں نے کہا کہ بھارت نے کشمیر میں 10 لاکھ سے زائد فوج تعینات کی ہوئی ہے اور یہ خطہ دنیا کے لئے زائد ملٹرائیزڈ زون ہے اور اس میں مزید 20 ہزار افواج کا اضافہ کرنا قابل مذمت ہے ۔انہوں نے عالمی برادری اور اقوام متحدہ بھارت کے اس عمل اور کشمیریوں کے خلاف طاقت استعمال کرنا کا نوٹس لیں اور بھارت پر دبائو ڈالیں تاکہ کشمیریوں کو اقوام متحدہ کی قرار دادوں کے تحت حق خودارادیت مل سکے انہوں نے ایک سوال کے جواب میں کہا کہ پاکستان نے بھارت کے ساتھ ممبئی میں جناح ہائوس کی پاکستان کی ملکیت اور اس کے تحفظ کے لئے مختلف اوقات پر اٹھایا جاتا رہا ہے اور امید ہے کہ بھارت اس پر عملدرآمد کرے گا۔

نفیس زکریا نے کہا بھارت پاکستان میں دہشتگردی کی کاروائیوں میں ملوث ہے جسکا واضح ثبوت بلوچستان سے بھارتی جاسوس کلبھوشن یادیو کی گرفتاری ہے بھارت کی جانب سے مسلمانوں ، عیسائی اور دیگر مذہبی اقلیتوں کے مخالف اقدامات کا عالمی برادری کو نوٹس لینا چاہئے ۔انہوں نے کہا کہ بھارت جو لوگ سبزی خور نہیں ان کے خلاف اقدامات کر رہا ہے اس کا بھی عالمی برادری کو نوٹس لینا چاہئے ۔

انہوں نے ایک اور سوال کے جواب میں کہا کہ حسین حقانی پاکستان کے سابق سفیر ہیں اور اگر وہ موجودہ سفیر بھی ہوتے تو انہیں اپنے ملک ( پاکستان) میں سفارتی استثنیٰ حاصل نہیں ہو سکتا ۔انہوں نے سابق آرمی چیف راحیل شریف کو سعودی عرب کی جانب سے مسلم ممالک کے فوجی اتحاد کا سربراہ بننے کے حوالے سے مختلف سوالوں کے جوابات میں کہاکہ راحیل شریف اب سویلین ہیں اور وزارت خارجہ کے زمرے میں نہیں آتے ۔

اس حوالے سے وزراء نے پارلیمنٹ میں بھی بات کی ہے اور ہمارے پاس اس حوالے سے معلومات نہیں ۔ انہوں نے کہا کہ سعودی عرب نے مسلم ممالک کا جو اتحاد بنایا ہے وہ انسداد دہشتگردی سے متعلق ہے اور ابھی تک اس کے حوالے سے ٹرم آف ریفرنس نہیں بنا جبکہ پاکستان اس مسلم اتحاد کا حصہ ہے ۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان ، افغانستان میں امن کا خواں ہے اور حال ہی میں لندن میں مشیر خارجہ اور افغانستان کے قومی سلامتی کے مشیر کے درمیان ملاقات میں دونوں ممالک کے سرحد کی مینجمنٹ کو اکٹھے مستحکم کرنے اور مینجمنت کرنے پر اتفاق ہوا تھا اور دونوں ممالک کو اب اس ضمن میں اقدامات اٹھانے کی ضرورت ہے تاکہ سرحد پار دہشتگردی کو روکا جا سکے ۔

پاکستان کے ساتھ بھارت کی جانب سے کرکٹ نہ کھیلنے کے حوالے سے ترجمان نے کہا کہ دونوں ممالک کو ایک دوسرے سے بات چیت کا سلسلہ جاری رکھنا چاہئے ورنہ مسائل حل نہیں ہوں گے ۔(جاوید/ طارق سیال )