اندرون ملک جہاز سازی اور خود انحصاری کی جانب ایک اور اہم پیش رفت،کراچی شپ یارڈ میں فاسٹ اٹیک کرافٹ (میزائل) کے تعمیر ی کام کا آغاز

جہاز کی اندرون ملک تیار ی خود انحصاری کی جانب اہم پیشرفت ہے،اس سے خود انحصاری کی منزل کی جانب ہمارا سفر مزید آسان اور تیز تر ہو جائیگا،سی پیک منصوبے کی تکمیل سے تجارتی سرگرمیاں کئی گنا بڑھ جائیں گی،پاک بحریہ کے سربراہ ایڈمرل محمد ذکاء اللہ کا تقریب سے خطاب

جمعرات 30 مارچ 2017 18:17

اندرون ملک جہاز سازی اور خود انحصاری کی جانب ایک اور اہم پیش رفت،کراچی ..
کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔ 30 مارچ2017ء) اندرون ملک جہاز سازی اور خود انحصاری کی جانب ایک اور اہم پیش رفت ہوئی ہے جس کے تحت کراچی شپ یارڈ میں فاسٹ اٹیک کرافٹ (میزائل) کے تعمیر ی کام کا آغازکردیاگیا ، فاسٹ اٹیک کرافٹ (میزائل ) ایک اسٹیٹ آف دی آرٹ کثیر المقاصد بحری جہاز ہے جو اسٹیل اور المونیم کی مدد سے تیار کیا گیا ہے جس میں مقامی طور پر تیار کیے گئے ہتھیار اور سینسرز نصب ہیں،پاک بحریہ کے سربراہ ایڈمرل محمد ذکاء اللہ نے کہاہے کہ اس جہاز کی اندرون ملک تیار ی خود انحصاری کی جانب اہم پیش رفت ہے کیونکہ اس جنگی جہاز کی تعمیر سے نہ صرف ڈئزائن اور جہاز سازی کی نئی راہیں استوار ہوں گی بلکہ خود انحصاری کی منزل کی جانب ہمارا سفر مزید آسان اور تیز تر ہو جائے گا،سی پیک منصوبہ پاکستان کو علاقائی اقتصادی مرکز میں تبدیل کرنے کی مکمل اہلیت رکھتا ہے اور اس کی تکمیل کے ساتھ تجارتی سرگرمیاں کئی گنا بڑھ جائیں گی۔

(جاری ہے)

جمعرات کوپاک بحریہ کے لیے تیار کی جانے والی چوتھی فاسٹ اٹیک کرافٹ (میزائل)کے تعمیری کام کی بنیاد رکھی جانے کی تقریب کراچی شپ یارڈ اینڈ انجینئرنگ ورکس میں منعقد ہوئی۔ پاک بحریہ کے سربراہ ایڈمرل محمد ذکاء اللہ تقریب کے مہمان خصوصی تھے۔ فاسٹ اٹیک کرافٹ (میزائل ) ایک اسٹیٹ آف دی آرٹ کثیر المقاصد بحری جہاز ہے جو اسٹیل اور المونیم کی مدد سے تیار کیا گیا ہے جس میں مقامی طور پر تیار کیے گئے ہتھیار اور سینسرز نصب ہیں۔

اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے نیول چیف نے طے شدہ وقت سے پہلے اس اہم سنگ میل کے حصول کو سراہا۔ انہوں نے کہا کہ اس جہاز کی اندرون ملک تیار ی خود انحصاری کی جانب اہم پیش رفت ہے کیونکہ اس جنگی جہاز کی تعمیر سے نہ صرف ڈئزائن اور جہاز سازی کی نئی راہیں استوار ہوں گی بلکہ خود انحصاری کی منزل کی جانب ہمارا سفر مزید آسان اور تیز تر ہو جائے گا۔

اس منصوبے کی تکمیل سے میری ٹائم ٹیکنالوجیز کمپلیکس اور کراچی شپ یارڈ کی ڈیزائن اور جہازی سازی کی صلاحیتیں پوری طرح نکھر کر سامنے آئیں گی۔ پاک ۔چائنا اقتصادی راہداری (CPEC) کی جغرافیائی و دفاعی ، سماجی و معاشی اور بحری پہلوئوں کی اہمیت پر روشنی ڈالتے ہوئے نیول چیف نے کہا کہ یہ منصوبہ پاکستان کو علاقائی اقتصادی مرکز میں تبدیل کرنے کی مکمل اہلیت رکھتا ہے اور اس کی تکمیل کے ساتھ تجارتی سرگرمیاں کئی گنا بڑھ جائیں گی ۔

لہذا تجارتی سرگرمیوں کے تسلسل کے لیے محفوظ بحری ماحول کے قیام کو یقینی بنانا ہوگا جس کے باعث پاک بحریہ کی ذمہ داریاں مزید بڑھ جائیں گی۔ فاسٹ اٹیک کرافٹ (میزائل)کی شمولیت سے پاک بحریہ کی آپریشنل صلاحیتوں میں مزید اضافہ ہوگا۔ انہوں نے کراچی شپ یارڈ کو ایک متحرک اور ترقی یافتہ بحری دفاعی عنصر بنانے میں پاک بحریہ کی جانب سے ہر ممکن تعاون کا یقین دلایا۔ انہوں نے مزید کہا کہ ہم اپنی جہاز سازی کی صنعت کو مزید فروغ دینے کے لیے حکومت کے ساتھ ایک نئے شپ یارڈ کے قیام کی کوششوں میں مصروف ہیں۔

متعلقہ عنوان :