لاہورجنرل ہسپتال سے میت لے جانے کیلئے مفت ایمبو لنس سروس کا آغاز

نادار لوگوں کیلئے گورمے کی جانب سے 2 جدید ایمبولینسیں ہسپتال کے حوالے، 2مزید دینے کا اعلان

جمعرات 30 مارچ 2017 18:07

لاہورجنرل ہسپتال سے میت لے جانے کیلئے مفت ایمبو لنس سروس کا آغاز
لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 30 مارچ2017ء)جنرل ہسپتال میں وفات پا جانے والے مریضوں کی میت لے جانے کیلئے ایک مخیر ادارے نے مفت ایمبو لنس سروس شروع کر نے کیلئے دو جدید ائیر کنڈیشنڈ ایمبو لنسز ہسپتال انتظامیہ کے حوالے کر دی ہیں ،گورمے ادارے کی طرف سے وفات پانے والے کیلئے کفن کا سامان بھی اس کے لواحقین کو دیا جا ئے گا ۔ ایل جی ایچ انتظامیہ کے حوالے کی گئیں جدید ایمبو لنسوں میں میت کے ساتھ گاڑی میں بیٹھنے کیلئے چار افراد کی گنجائش موجود ہے۔

مخیر ادارے نے ہسپتال کو بہت جلد ایسی ہی دو مزید ایمبو لنسیں دینے کا وعدہ بھی کیا ہے ۔ تحفے میں دی گئی مذکورہ ایمبولنسوں کو جنرل ہسپتال انتظامیہ کے حوالے کرنے کے موقع پر ایک تقریب منعقد ہو ئی جس میں پرنسپل پوسٹ گریجویٹ میڈیکل انسٹی ٹیوٹ پروفیسر غیاث النبی طیب، ایم ایس ڈاکٹر غلام صابر ، مخیر ادارے کے جنرل مینجر منیر احمد اور دیگر شخصیات نے شرکت کی ۔

(جاری ہے)

پروفیسر غیاث النبی طیب اور ڈاکٹر غلام صابر نے اس موقع پر صحافیوں سے گفتگو کرتے ہو ئے کہا کہ یہ سہولت غریب اور نادار مریضوں کیلئے فراہم کی گئی ہے جس کے ذریعے لاہور سمیت پاکستان کے کسی بھی شہر میں ڈیڈ باڈی بلا معاوضہ پہنچانے کا انتظام کیا گیا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ عطیات دینے میں پوری دنیا میں پاکستانی مخیر حضرات اپنی مثال آپ ہیں اور دکھی انسانیت کی خدمت کیلئے حکومت کے ساتھ ساتھ متمول اور مخیر حضرات کو اپنا کردار ادا کرتے رہنا چاہئے۔

انہوں نے کہا کہ بے آسرا اور غریب افراد کو میت لے جانے کیلئے مفت ایمبو لنس سروس اور کفن کی فراہمی ایک قابل تحسین عمل ہے جس کا دنیا اور آخرت میں بے پنا اجر ملے گا ۔ انہو ں نے کہا کہ ّآج کے دور میں جبکہ نجی ایمبولنسوں کے مالکان میت لے جانے کے منہ مانگے دام وصول کر رہے ہیں ۔ اس ادارے کا یہ اقدام نہایت غریب پرور ثابت ہو گا ۔ گورمے کے جنرل مینجر منیر احمد نے اس موقع پر کہا کہ دونوں ایمبولنسوں کی دیکھ بھال ڈرائیور اور ایندھن کے اخراجات ادارے کے ذمے ہوں گے تاہم ہسپتال انتظامیہ یہ سہولت صرف غریب اور بے سہارا اور مستحق افراد کو فراہم کر نے کی مجاز ہو گی۔