حکومت نے چلڈرن ہسپتال کو 635 ملین روپے اضافی فنڈز فراہم کئے ہیں‘خواجہ سلمان رفیق

130پوسٹوں پر بھرتی کیلئے اشتہار دے دیا،سی ٹی سکین مشین خریدی جا رہی ہے‘صوبائی وزیر سپیشلائزڈ ہیلتھ کیئر اینڈ میڈیکل ایجوکیشن

جمعرات 30 مارچ 2017 18:07

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 30 مارچ2017ء) صوبائی وزیر سپیشلائزڈ ہیلتھ کیئر اینڈ میڈیکل ایجوکیشن خواجہ سلمان رفیق نے ہدایت کی ہے کہ دیگر ہسپتالوں میں مریضوں کا رش کم کرنے کے لئے چلڈرن ہسپتال اور غلام محمد آباد جنرل ہسپتال فیصل آباد کو ان کی مکمل اسطاعت کے مطابق فنکشنل کیا جائے ،وزیر اعلی محمد شہباز شریف ہسپتالوں کے لئے ڈاکٹرز اور نرسز کی مزید پوسٹیں اور فنڈز فراہم کرنے کے لئے تیار ہیں جس کا بنیادی مقصد غریب عوام کو علاج و معالجہ کی سہولیات با آسانی مہیا کرنا ہی-انہوں نے یہ بات سول سیکرٹریٹ میں فیصل آباد کے ٹیچنگ ہسپتالوں کے ترقیاتی منصوبوں خصوصا چلڈرن ہسپتال اور غلام محمد آبادجنرل ہسپتال کی ترقیاتی سکیموں ،منظور شدہ پوسٹوں پر ڈاکٹرز و دیگر سٹاف کی تعیناتی، طبی آلات، سی ٹی سکین کی خریداری اور تنصیب وغیرہ کے معاملات میں پیش رفت کا جائزہ لینے کے لئے ویڈیو لنک کے ذریعے اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کہی-اجلاس میں پرنسپل پنجاب میڈیکل کالج فیصل آباد پروفیسر فرید ظفر، ایڈیشنل سیکرٹری (ایڈمن) ہیلتھ راجہ منصور، ایڈیشنل سیکرٹری (ٹیکنکل) ڈاکٹر سلمان شاہد، چیف پلاننگ آفیسر عبدالحق بھٹی، پروکیورمنٹ سپیشلسٹ طیب فرید، ڈپٹی سیکرٹری انٹرنل آڈٹ سرفراز احمد کے علاوہ بجٹ اینڈ اکاؤ ئنٹس شعبہ کے افسران ، ایم ایس الائیڈ ہسپتال ، ایم ایس چلڈرن ہسپتال، ایم ایس غلام محمد آباد جنرل ہسپتال فیصل آباد اور محکمہ مواصلات و تعمیرات کے افسران نے بھی شرکت کی-خواجہ سلمان رفیق نے ایڈیشنل سیکرٹری ایڈمن کو ہدایت کی کہ چلڈرن ہسپتال کی منظور شدہ آسامیوں پر تعیناتی کا عمل جلد از جلد مکمل کیا جائے اور جن ڈاکٹرز کے انٹر ویوز مکمل ہو گئے ہیں ان کے فوری طور پر تقرر کے آرڈر جاری کئے ہیں-چیف پلاننگ آفیسر عبدالحق بھٹی نے اجلاس کو بتایا کہ چلڈرن ہسپتال کا فیز 1مکمل ہو گیا ہے جو 200 بستروں پر مشتمل ہے اور حکومت نے اس ہسپتال کے لئے 635 ملین روپے اضافی فراہم کئے ہیں -خواجہ سلمان رفیق نے کہا کہ چلڈرن ہسپتال فیصل آباد پوری کیپٹی کے مطابق چلے گا تو لاہور کے چلڈرن ہسپتال پر مریضوں کا لوڈ کم ہو گا - وزیر صحت نے نئے نصب ہونے والے HVAC سسٹم کی تھرڈ پارٹی پڑتال کرانے کی بھی ہدایت کی -صوبائی وزیر نے غلام محمد آباد جنرل ہسپتال میں سٹاف کی کمی کو پورا کر کے ہسپتال کی کارکردگی میں اضافہ کی ہدایت کی -ڈائریکٹر انٹر نل آڈٹ سرفراز احمد نے بتایا کہ مذکورہ ہسپتال کے لئے محکمہ خزانہ نے 192 پوسٹوں کی منظوری دے دی ہے جس پر بھرتیوں کا عمل جلد شروع کر دیا جائے گا- انہوں نے پرنسپل پنجاب میڈیکل کالج کو کہا کہ وہ میڈیکل کالج میں داخلوں کی شرح میں اضافے کے اعداد و شمار محکمہ سپیشلائزڈ ہیلتھ کو بھجوائیں تاکہ داخلوں کی شرح میںاضافہ کے مطابق مزید آسامیاں کالج کے لئے پیدا کی جا سکیں - ایم ایس نے بتایا کہ غلام محمد آباد جنرل ہسپتال میں CT سکین 24گھنٹے آپریشنل ہے اور ایمرجنسی و انڈور میں ادویات بالکل فری فراہم کی جاری ہیں جبکہ انسینریٹر چلڈرن ہسپتال اور THQ ہسپتال جھمرہ کا ہاسپیٹل ویسٹ بھی تلف کر رہا ہے جس کی کیپٹی 50کلو گرام فی گھنٹہ ہے ،آؤٹ ڈور میں روزانہ 2 ہزار مریض آتے ہیں جبکہ الائیڈ ہسپتال میں OPD 36 سو سے زائد ہے - ایم ایس چلڈرن ہسپتال نے بتایا کہ ہسپتال کے لئے جدید سی ٹی سکین مشین خریدی جا رہی ہے فرموںکو پری کوالیفائی کر لیا گیا ہے اس مشین کی مالیت تقریباً 143 ملین روپے ہے مزید براں طبی آلات کی خریداری کے 225 ملین ر وپے کے آرڈر دئیے جا چکے ہیں اور خریداری کا عمل فاسٹ ٹریک پر جاری ہے - خواجہ سلمان رفیق نے پنجاب میڈیکل کالج فیصل آباد کے پرنسپل اور اس کے ساتھ منسلک ہسپتالوں کے میڈیکل سپرنٹنڈنٹس اور چلڈرن ہسپتال کی انتظامیہ کو ہدایت کی کہ تمام ترقیاتی سکیمیں ، سٹاف کی بھرتی اور طبی آلات و مشینری کی خریداری کا عمل مزید تیز کیا جائے تاکہ ان منصوبوں سے عوام جلد استفادہ کر سکیں-