تھائی لینڈ اور پاکستان کے درمیان آزاد تجارت کا معاہدہ چھ ماہ میں طے پا جائے گا، تھائی لینڈ کے سفیر کا اسلام آباد چیمبر سے خطاب

جمعرات 30 مارچ 2017 18:05

اسلام آباد ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 30 مارچ2017ء) پاکستان میں تعینات تھائی لینڈ کے سفیر سیچارٹ لنگسنگ تھانگ نے کہا ہے کہ تھائی لینڈ اور پاکستان کے درمیان آزاد تجارت کا معاہدہ چھ ماہ میں طے پا جائے گا جس سے دونوں ممالک کے درمیان ٹیرف میں کمی ہو گی اور باہمی تجارت کو بہتر فروغ ملے گا۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے اسلام آباد چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری میں تاجر برادری سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔

انہوں نے تھائی لینڈ کے ایک تجارتی وفد کے ہمراہ اسلام آباد چیمبر آف کامرس کا دورہ کیا۔ وفد میں الیکٹریکل ہوم اپلائنسز، ہوٹل انڈسٹری، فوڈ پراڈکٹس اور کاسمیٹکس سمیت دیگر شعبوں کے نمائندگان شامل تھے۔ تھائی لینڈ کے سفیر نے حکومت پاکستان اور آرمڈ فورسز کی ان کوششوں کو سراہا جو دہشت گردی پر قابو پانے کیلئے کی جا رہی ہیں اور کہا کہ ان کوششوں کے نتیجے میں پاکستان میں کاروباری سرگرمیاں بہتر ہو رہی ہیں۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ وہ تھائی لینڈ کے مزید سرمایہ کاروں کو پاکستان لانا چاہتے ہیں تا کہ وہ یہاں کاروبار اور سرمایہ کاری کے مواقع تلاش کر سکیں۔انہوں نے کہا کہ اسلام آباد چیمبر آف کامرس بھی اپنا ایک وفد تھائی لینڈ کے دورے پر لے جائے کیونکہ تجارتی وفود کے تبادلوں سے ہی مشترکہ تعاون کے نئے شعبوں کو تلاش کیا جا سکتا ہے۔ تھائی وفد کے قائد واسون نے اپنے خطاب میں کہا کہ مغربی میڈیا نے پاکستان کے بارے میں غلط تاثر پھیلایا ہوا ہے جس وجہ سے تھائی لینڈ کے سرمایہ کار پاکستان کا دورہ کرنے میں ہچکچاہٹ محسوس کر رہے ہیں۔

تاہم انہیں پاکستان آ کر معلوم ہوا یہ یہاں کاروبار کیلئے حالات بہت بہتر ہیں۔ انہوں نے کہا کہ تھائی لینڈ میں لیبر کاسٹ بڑھ رہی ہے جس وجہ سے تھائی لینڈ کے سرمایہ کار بیرونی دنیا کی طرف دیکھ رہے ہیں۔انہوں نے کہا کہ ان کا پاکستان کا دورہ کرنے کا مقصد یہاں جوائنٹ وینچرز اور سرمایہ کاری کے مواقع تلاش کرنا ہے۔اپنے استقبالیہ خطاب میں اسلام آباد چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے سینئر نائب صدرخالد ملک نے کہا کہ اگر ٹیرف اور نان ٹیرف رکاوٹوں کو دور کیا جائے تو پاکستان اور تھائی لینڈ کے درمیان باہمی تجارت کو کافی بہتر کیا جا سکتا ہے۔

انہوںنے کہا کہ دونوں ممالک کئی شعبوں میں ایک دوسرے سے تعاون کر سکتے ہیں کیونکہ تھائی لینڈ الیکٹریکل و الیکٹرانک اپلائنسز، مشینری و پرزہ جات ، آٹوموبائل اور پارٹس بنانے میں خصوصی مہارت رکھتا ہے جبکہ پاکستان کاٹن یارن، ٹیکسٹائل مصنوعات، ریڈی میڈ گارمینٹس، چمڑے کی مصنوعات، آلات جراحی اور کھیلوں کا سامان سمیت دیگر مصنوعات بنانے میں بہتر مہارت رکھتا ہے لہذا دونوں ممالک کے مابین قریبی تعاون آپس کی تجارت کو بہتر کرنے میں مفید ثابت ہو گا۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان اور تھائی لینڈ باہمی تجارتی وفود کا باکثرت تبادلہ کرنے اورنجی شعبوں کو قریب لانے پر توجہ دیں جس سے دونوں کیلئے فائدہ مند نتائج برآمد ہوں گے۔ انہوں نے کہا کہ تھائی لینڈ پاکستان کو جنوب مشرقی ایشیائی ممالک تک بہتر رسائی فراہم کرنے کیلئے گیٹ وے کا درجہ رکھتا ہے جب کہ پاکستان تھائی لینڈ کو مرکزی ایشیا، مشرق وسطیٰ اور مغربی چین تک بہتر رسائی فراہم کر سکتا ہے ۔

لہذا دونوں کے درمیان بہتر روابط سے باہمی تجارتی تعلقات کو مزید تقویت ملے گی۔ انہوں نے یقین دہانی کرائی کہ اسلام آباد چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری تھائی لینڈ کے سفارتخانے کے ساتھ مل کر پاکستان اور تھائی لینڈ کے درمیان باہمی تجارتی و اقتصادی تعلقات کو مزید بہتر کرنے کیلئے کوششیں جاری رکھے گا۔

متعلقہ عنوان :