کراچی میں اشیائے خورد و نوش کی قیمتوں میں بے تحاشہ اضافے پر ایم کیوایم (پاکستان ) کے اراکین قومی اسمبلی کااظہار مذمت

جمعرات 30 مارچ 2017 17:55

کراچی میں اشیائے خورد و نوش کی قیمتوں میں بے تحاشہ اضافے پر ایم کیوایم ..
کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 30 مارچ2017ء) متحدہ قو می موومنٹ (پاکستان ) کے ارکان قو می اسمبلی نے ملک بھر باالخصوص کراچی میں اشیائے خورد و نوش کی قیمتوں میں اضافے کی سخت ترین الفاظ میں مذمت کی ہے اور کہا ہے کہ ملک بھر کے عوام پہلے ہی مہنگائی کے بوجھ تلے دبے ہیں اور اب اشیائے خورد و نوش کی قیمتوں میں بلاجواز اضافہ عوام پر سراسر ظلم ہے ۔

اپنے مشترکہ بیان میں اراکین قومی اسمبلی نے کہا کہ اشیاء خوردونوش کی قیمتوں کو آسمان پر پہنچا کر غریب آدمی سے جینے کا حق بھی چھین لیا گیا ہے حکومت نہ تو غر یب آدمی کی تنخواہ میں اضافہ کررہی ہے نہ ہی ان کو بہتر سہولیات فراہم کررہی ہے اورایسا محسوس ہوتا ہے کہ حکومت نے حکومتی وسائل اور شاہانہ اخراجات کیلئے عوام کو مہنگائی کے بوجھ تلے دبانے کا مذموم عمل شروع کردیا ہے جس کے سبب عوام ماضی کی حکومتوں کی طرح موجودہ حکومت سے بھی مایوس ہوگئے ہیں ۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہاکہ عوام پہلے ہی بجلی ، پانی ، گیس اور دیگر ٹیکسوں کی ادائیگی کے باعث مفلوک الحال ہیں لیکن حکومت کی جانب سے عوام کو ریلیف دینے کے بجائے اشیائے خورد و نوش کی قیمتوں میں بے تحاشہ اضافہ کرنا عوام سے مخلصی نہیں بلکہ کھلی دشمنی ہیں جس کی جتنی بھی مذمت کی جائے کم ہے ۔ اراکین قومی اسمبلی نے وزیراعظم نوازشریف سے مطالبہ کیا کہ ملک بھرمیں مہنگائی کے طوفان اور اشیائے خورد و نوش کی قیمتوں میں بے تحاشہ اضافہ کا فی الفور نوٹس لیاجائے اور عوام کو اس مد میں ریلیف کی فراہمی ہر صورت یقینی بنائی جائے اور اس سلسلے میں حکومتی بے حسی کا مظاہرہ فی الفور بند کیاجائے۔