برطانیہ میں کشمیری تارکین وطن مسئلہ کشمیر کو حل کروانے کیلئے اپنا کردار ادا کررہے ہیں،چوہدری الطاف خان

حلقہ چار چڑہوئی میں چودھری محمد یٰسین نے بہترین کام کروائے ہیں ،حلقہ میں سڑکوں کی صورتحال باقی حلقوں سے بہتر ہے ، تعلیمی سہولیات بھی زیادہ ہیں، لارڈ میئر آکسفورڈ

جمعرات 30 مارچ 2017 17:51

کوٹلی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 30 مارچ2017ء) آکسفورڈ کے لارڈمیئر چوہدری الطاف خان نے کہا ہے کہ برطانیہ میں کشمیری تارکین وطن مسئلہ کشمیر کو حل کروانے کیلئے اپنا کردار ادا کررہے ہیں،حلقہ چار چڑہوئی میں چودھری محمد یٰسین نے بہترین کام کروائے ہیں اس حلقہ میں سڑکوں کی صورت حال باقی حلقوں سے بہتر ہے اور تعلیمی سہولیات بھی زیادہ ہیں۔

لارڈ میئر چودھری الطاف خان نے مسٹ یونیورسٹی میر پور اور کوٹلی یونیورسٹی کو آکسفورڈ یونیورسٹی کے ساتھ الحاق کرنے کا اعلان کیا۔ انہوں نے ان خیالات کا اظہار قائد حزب اختلاف آزادکشمیر قانون سازاسمبلی چودھری محمد یٰسین کی جانب سے دئیے گئے ایک بڑے استقبالیہ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہی،پرائی کے مقام پرمنعقدہ استقبالیہ تقریب میں قائد حزب اختلاف چودھری محمد یٰسین اور مقامی عمائدین نے خطاب کیا۔

(جاری ہے)

لارڈ میئر چودھری الطاف تقریب میں پہنچے تو عوام نے ان کا والہانہ استقبال کیا پھولوں کی پتیاں نچھاور کیں گئیں، چودھری محمد یٰسین نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ برطانیہ میں کشمیری تارکین وطن نے محنت سے اپنا مقام بنایا چودھری الطاف خان نے برطانیہ کے بڑے شہر ایکسفورڈ کے میئر کے طور پر ذمہ داریاں سنبھالی ہیں ہم ان کو مبارکباد پیش کرتے ہیں ۔

انہوں نے کہا کہ آزادکشمیر کی موجودہ حکومت نے اقربا پروری اور سیاسی انتقام کی انتہا کردی ہے اپوزیشن کے ممبران اسمبلی کو ترقیاتی فنڈز دینے کے بجائے ہارے ہوئے افراد کو کروڑوں روپے کے فنڈز دئیے گئے جو کہ خلاف قانون ہے۔ہم نے اس حکومت کو سات ماہ دئیے تھے کہ وہ اپنے معاملات کو بہتر کرے لیکن اس نے نئی ترقیاتی منصوبے بنانے اور نئے ادارے بنانے کے بجائے پہلے سے بنائے اداروں کو تباہ کرنا شروع کردیا۔

انہوں نے کہا کہ مقبوضہ جموں وکشمیر گلگت بلتستان آزادکشمیر ایک اکائی کی حیثیت رکھتے ہیںلیکن مسلم لیگ کی موجودہ حکومت اس اکائی کوختم کرکے گلگت بلتستان کو صوبہ بنانا چاہتی ہے لیکن ہم کسی طور پر اس کی اجازت نہیں دیں گے ن لیگ کی حکومت اپنی تجارت کو وسعت دینے کے لیے کشمیر کی اکائی کو تقسیم کرنا چاہتی ہے۔میاں نواز شریف مودی کے ساتھ کشمیر پر دوستی نہ کریں مسئلہ کشمیرکوئی زمین کا مسئلہ نہیں ہے بلکہ یہ عوامی حقوق کا مسئلہ ہے کشمیری عوام نے 70سالوں سے آزادی کے لیے بے پناہ قربانیاں دیں ہیں لاکھوں کشمیری شہید ہوئے ہیں،مقبوضہ کشمیر میں کریک ڈائون کے ذریعے بے گناہ کشمیریوں پر مظالم کے پہاڑ توڑے جارہے ہیں انہوں نے کہا کہ برطانیہ میں بسنے والے کشمیری تارکین وطن مسئلہ کشمیر کے لیے کام کررہے ہیں اب ان پر مزیدذمہ داری عائد ہوتی ہے کہ وہ برطانوی حکومت کو مجبور کریں کہ وہ اقوام متحدہ میں گزشتہ 70سالوں سے پڑی ہوئی قراردادوں پرعملدرآمد کروائے تا کہ کشمیری عوام آزادی کی منزل حاصل کرسکیں۔