غیر حاضر رہنے والے ملازمین کووضاحتی مراسلہ جاری کئے جائیں،ڈائریکٹر جنرل ادارہ ترقیات کراچی

جمعرات 30 مارچ 2017 17:51

کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 30 مارچ2017ء) ڈائریکٹر جنرل ادارہ ترقیات کراچی سید ناصر عباس نے کہا ہے کہ غیر حاضر رہنے والے ملازمین کووضاحتی مراسلہ جاری کئے جائیںاور تمام کے ڈی اے افسران اپنے محکموں میں عملے کی حاضری کو یقینی بنائیں، غیر حاضر افسران کو ادارہ میں بالکل برداشت نہیں کیا جائے گا۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے آج صبح سوک سینٹر میں موجود مختلف دفاتر کے دورہ کے دوران کیا۔

اس موقع پر ڈی جی کے ڈی اے نے مزید کہا کہ تمام محکموں کے ڈائریکٹرز اس بات کے پابند ہیں کہ گریڈ 16سے زائد2 سے 3 افسران کے لئے ایک ہی کمرہ مختص کیاجائے اور گریڈ 19 سے زائد افسران کے لئے علیحدہ علیحدہ کمرے دیئے جائیں جبکہ 19 گریڈ سے زائد کے ڈی اے افسران کے لئے اے سی کی سہولیات میسر ہوں گی۔

(جاری ہے)

انہوں نے مزید کہا کہ کراچی ڈیولپمنٹ اتھارٹی میں جلد ہی بائیو میٹرک سسٹم کا نظام بھی متعارف کرادیا جائے گا جس سے افسران و ملازمین پر کڑی نظر رکھنے میں اور مستقل بنیادوں پر دفتر میں حاضری چیک کرنے میں مدد ملے گی۔

ڈی جی کے ڈی اے نے کہا کہ مستقبل قریب میں کے ڈی اے کے دفاتر کے اچانک دورہ کرنے کے دوران غفلت میں مرتکب پائے گئے افسران کے خلاف فوری کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔ دورہ کے موقع پر ڈی جی کے ڈی اے کے ہمراہ چیف سیکورٹی آفیسر کیپٹن (ر) الطاف راجپوت، ڈائریکٹر ایڈمن انجینئرنگ محبوب عالم، میڈیا کوآرڈی نیٹر اکرم ستار، ایگزیکٹو انجینئر سوک سینٹر ڈویژن زاہد حسین، پرسنل اسٹاف آفیسر ریاض احمد راشد و دیگر افسران موجود تھے۔

متعلقہ عنوان :