ہیٹ اسٹروک کے حوالے سے فرسٹ ریسپانس سینٹرز اور سبیلیںقائم کی جائیں ،کمشنر کراچی

جمعرات 30 مارچ 2017 17:51

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 30 مارچ2017ء) کراچی میں متوقع ہیٹ اسٹروک سے بچائو کی منصوبہ بندی مکمل کر لی گئی ہے۔ کراچی کے تمام اضلاع کے ڈپٹی کمشنرز نے اپنے اپنے ضلع کے لیے ہیٹ اسٹروک مینجمنٹ پلان بنالئے ہیں کمشنر کراچی اعجاز احمد خا ن کی زیر صدارت ایک جائزہ اجلاس میں تمام ڈپٹی کمشنرز نے اپنے ضلع میں متوقع ہیٹ اسٹروک سے بچائو کے لئے تیار کیے جانے والے منصوبوں کی تفصیلات سے آگاہ کیا ۔

اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ تمام ڈپٹی کمشنرز اپنے اپنے ضلع میںہیٹ اسٹروک سے بچائو کے منصوبوں پر عملدرآمد کے سلسلہ میںفوکل پرسن ہوں گے وہ فوری طور پر اپنے ضلع میں محکمہ موسمیات ، صوبائی ڈیزاسسٹر مینجمنٹ اتھارٹی، K الیکٹرک اور شہری اداروں سے رابطہ رکھیں گے اجلاس میں ایڈیشنل کمشنر کراچی فرحان غنی، تمام ڈپٹی کمشنرز، محکمہ موسمیات ، صوبائی ڈیزاسسٹر مینجمنٹ اتھارٹی ، محکمہ صحت، بلدیہ عظمیٰ کراچی،جناح اسپتال، سول اسپتال کے افسران K الیکٹرک کے نمائندے اور دیگر نے شر کت کی۔

(جاری ہے)

فیصلہ کیا گیا کہ کراچی کے تمام اضلاع میں ڈپٹی کمشنر ز کی نگرانی میں سرکاری و نجی اداروں کے تعاون سے فوری ریلیف کے لئے پینے کے پانی کی فراہمی اور گرمی کی شدت سے بچائو کے لئے فرسٹ ریسپانس سینٹرز اور سبیلیں قائم کی جائیں گی۔ سبیلوں پر ٹھنڈے پینے کے پانی کی فراہمی کا خصوصی انتظام کیا جایے گا ۔ سبیلیں قائم کر نے کے لئے مارکیٹوں کی ایسو سی ایشنز اور نجی اداروں کا تعاون حا صل کیا جائے گا ۔

کمشنر کراچی نے Kالیکٹرک کو ہدایت کی کہ وہ متوقع ہیٹ اسٹروک کے خدشات کو پیش نظر رکھ کر لوڈ شیڈنگ کرے شہر میں ٹمپریچر کو مدنظر رکھے اور لوڈ شیڈنگ کی کمی کے لئے اقدامات کرے اس بات کو یقینی بنائے کہ اسپتالوں اور دیگر ممکنہ متاثرہ علاقوں میں لوڈ شیڈنگ کے مسائل پیدا نہ ہوں ۔ کمشنر کراچی اعجاز احمد خان نے کہا کہ تمام ادارے ہیٹ اسٹروک سے بچائو کے سلسلہ میں کئے جانے والے اقدامات میں انتظامیہ کے ساتھ تعاون کریں اس بات کو یقینی بنائیں کہ ہیٹ اسٹروک کی صورت میں شہریوں کو ہر ممکنہ سہولت میسئرآئے اجلاس نے فیصلہ کیا کہ گذشتہ سال کی طرح اس سال بھی تمام بڑے سرکاری و نجی اسپتالوں میں ٹرچری سینٹرز قائم کئے جائیں گے جہاں ہیٹ اسٹروک سے بچائو کے سلسلہ میں ٹرچری ہیلتھ کیئر کی سہولت فراہم کی جا سکے گی اور اس کے لیے خصوصی عملہ اور طبی سہولتوں کا خصوصی انتظام ہو گا جہاں ہیٹ اسٹروک سے متاثرہ افراد کو فوری نوعیت کی دیکھ بھال کے طبی عملہ ،ادویات پینے کا ٹھنڈا پانی، سر کو پانی سے بھگونے کے لئے تولیہ ، او آر ایس،اور دیگر سہولت حاصل ہو سکے گی کمشنر کراچی نے تمام ڈپٹی کمشنرز کو ہدایت کی کہ وہ نجی اسپتالوں کا تعاون بھی حا صل کریں اور ان کے تعاون سے قائم کے جانے والے ٹرچری ہیلتھ کئیر سہولتوں کی فراہمی کے انتظامات کو جلد از جلد حتمی شکل دیں۔

فیصلہ کیا گیا کہ محکمہ موسمیات انتظامیہ کومتوقع ہیٹ اسٹروک سے متعلق کم از کم تین روز قبل الرٹ جاری کر ے گا۔اجلاس میں کراچی میں شجر کاری مہم شروع کرنے کا فیصلہ کیا گیا ۔ کمشنر کراچی نے تمام ڈپٹی کمشنرز کو ہدایت کی کہ وہ اس سلسلہ میں سرکاری و نجی اداروں کا تعاون حاصل کرکے اس بات کو یقینی بنائیں کہ شجر کاری مہم میں ہر ضلع میں کم از کم دس ہزار درخت لگائے جائیں گے ۔ ترجیحی طور پر نیم کے درخت یا دوسرے ماحول دوست درخت ہوں گے۔

متعلقہ عنوان :