کراچی شپ یارڈ میں فاسٹ اٹیک کرافٹ (میزائل) کے تعمیر ی کام کا آغاز ہوگیا

سی پیک منصوبہ پاکستان کو علاقائی اقتصادی مرکز میں تبدیل کرنے کی مکمل اہلیت رکھتا ہے ،نیول چیف ایڈمرل ذکاء اللہ منصوبے کی تکمیل سے تجارتی سرگرمیاں کئی گنا بڑھ جائیں گی،تجارتی سرگرمیوں کے تسلسل کیلئے محفوظ بحری ماحول کے قیام کو یقینی بنانا ہوگا ، فاسٹ اٹیک کرافٹ (میزائل)کی شمولیت سے پاک بحریہ کی آپریشنل صلاحیتوں میں مزید اضافہ ہوگا، تقریب سے خطاب

جمعرات 30 مارچ 2017 17:49

کراچی شپ یارڈ میں فاسٹ اٹیک کرافٹ (میزائل) کے تعمیر ی کام کا آغاز ہوگیا
کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 30 مارچ2017ء) پاک بحریہ کے لیے تیار کی جانے والی چوتھی فاسٹ اٹیک کرافٹ (میزائل)کے تعمیری کام کی بنیادرکھی جانے کی تقریب جمعرات کو کراچی شپ یارڈ اینڈ انجینئرنگ ورکس میں منعقد ہوئی۔ چیف آف نیول اسٹاف ایڈمرل محمد ذکاء اللہ تقریب کے مہمان خصوصی تھے۔ فاسٹ اٹیک کرافٹ (میزائل ) ایک اسٹیٹ آف دی آرٹ کثیر المقاصد بحری جہاز ہے جو اسٹیل اور المونیم کی مدد سے تیار کیا گیا ہے جس میں مقامی طور پر تیار کیے گئے ہتھیار اور سینسرز نصب ہیں۔

اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے نیول چیف نے طے شدہ وقت سے پہلے اس اہم سنگ میل کے حصول کو سراہا۔ انہوں نے کہا کہ اس جہاز کی اندرون ملک تیار ی خود انحصاری کی جانب اہم پیش رفت ہے کیونکہ اس جنگی جہاز کی تعمیر سے نہ صرف ڈئزائن اور جہاز سازی کی نئی راہیں استوار ہوں گی بلکہ خود انحصاری کی منزل کی جانب ہمارا سفر مزید آسان اور تیز تر ہو جائے گا۔

(جاری ہے)

اس منصوبے کی تکمیل سے میری ٹائم ٹیکنالوجیز کمپلیکس اور کراچی شپ یارڈ کی ڈیزائن اور جہازی سازی کی صلاحیتیں پوری طرح نکھر کر سامنے آئیں گی۔ پاک ۔چائنا اقتصادی راہداری (CPEC) کی جغرافیائی و دفاعی ، سماجی و معاشی اور بحری پہلوئوں کی اہمیت پر روشنی ڈالتے ہوئے نیول چیف نے کہا کہ یہ منصوبہ پاکستان کو علاقائی اقتصادی مرکز میں تبدیل کرنے کی مکمل اہلیت رکھتا ہے اور اس کی تکمیل کے ساتھ تجارتی سرگرمیاں کئی گنا بڑھ جائینگی ،لہٰذا تجارتی سرگرمیوں کے تسلسل کیلئے محفوظ بحری ماحول کے قیام کو یقینی بنانا ہوگا جس کے باعث پاک بحریہ کی ذمہ داریاں مزید بڑھ جائینگی۔

فاسٹ اٹیک کرافٹ (میزائل)کی شمولیت سے پاک بحریہ کی آپریشنل صلاحیتوں میں مزید اضافہ ہوگا۔ انہوں نے کراچی شپ یارڈ کو ایک متحرک اور ترقی یافتہ بحری دفاعی عنصر بنانے میں پاک بحریہ کی جانب سے ہر ممکن تعاون کا یقین دلایا۔ انہوں نے مزید کہا کہ ہم اپنی جہاز سازی کی صنعت کو مزید فروغ دینے کے لیے حکومت کے ساتھ ایک نئے شپ یارڈ کے قیام کی کوششوں میں مصروف ہیں۔

قبل ازیں کراچی شپ یارڈ اینڈ انجینئرنگ ورکس کے مینیجنگ ڈائریکٹر رئیر ایڈمرل سید حسن ناصر شاہ نے اپنے خطبہ استقبالیہ میں کہا کہ اندرون ملک ڈیزائن کیا جانے والا یہ پہلا منصوبہ کراچی شپ یارڈ اورمیری ٹائم ٹیکنالوجیز کمپلیکس کی انتھک محنت کا نتیجہ ہے جس نے ہمیں اس مشکل کام کو سرانجام دینے کے لیے اعتماد فراہم کیا۔ انہوں نے مزید کہا کہ یہ جہاز ہماری اندرون ملک کوششوں کی قومی علامت کے طور پرآئندہ کئی عشروں تک ملک کی خدمت کا فریضہ انجام دیتا رہے گا۔

انہوں نے کراچی شپ یار ڈ میں جاری منصوبوں کا بھی ایک مختصر جائزہ پیش کیا جن میں پا ک بحریہ کی تیسری فاسٹ اٹیک کرافٹ (میزائل)، میری ٹائم سیکیورٹی ایجنسی کی میری ٹائم پٹرول ویسل، اور پاک آرمی کے لیے بلرڈ پل ٹگز اور کثیر المقاصد بارج اینڈ برج اریکشن بوٹس شامل ہیں۔ انہوں نے کراچی شپ یار ڈ کے مستقبل کے منصوبوں پر بھی ڈالی اور کہا کہ ہم نے پاک بحریہ کے لیے آبدوز کی تیار ی کے منصوبے پر کام شروع کردیا ہے۔

ینیجنگ ڈائریکٹر کراچی شپ یارڈ نے اس موقع پر وزارت برائے دفاعی پید اوار، بالخصوص چیف آف نیول اسٹاف ایڈمرل محمد ذکاء اللہ کا شکریہ ادا کیا جن کی مدبرانہ سوچ اور تعاون ان تمام منصوبوں کے پیچھے کار فر ما ہے۔ تقریب میں حکومت پاکستان، پاک بحریہ، صنعتی حلقوں اور کراچی شپ یار ڈ اینڈ انجینئرنگ ورکس کے اعلی حکام نے شرکت کی۔

متعلقہ عنوان :