پاک سرزمین پارٹی کا پارٹی جھنڈاالیکشن کمیشن میں جمع ہے، ترجمان

جمعرات 30 مارچ 2017 17:28

پاک سرزمین پارٹی کا پارٹی جھنڈاالیکشن کمیشن میں جمع ہے، ترجمان
کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 30 مارچ2017ء) ترجمان پاک سرزمین پارٹی نے الیکشن کمیشن آف پاکستان کے پاکستانی پرچم کے استعمال سے متعلق فیصلہ پر تبصرہ کرتے ہوئے کہا کہ پاک سرزمین پارٹی کا اپنا منفرد سیاسی جھنڈا الیکشن کمیشن میں موجود ہے اور پی ایس پی پاکستانی پرچم کو کسی طور سیاسی مقاصد کیلئے استعمال نہیں کر رہی ہے۔ پوری دنیا میں ہر ملک کے شہری کیلئے اپنا قومی پرچم اٹھانا وطن پرستی اور وطن سے محبت کا اظہار اور باعث فخر ہوتا ہے۔

(جاری ہے)

سیاسی جلسوں میں عوام کو پاکستان کا پرچم اٹھانے سے روکا جانا باعث حیرت اور افسوس ہے۔ پاک سرزمین پارٹی اس فیصلے سے مطمئن نہیں اور آئینی و قانونی ماہرین سے مشاورت کے بعد آئندہ کا لائحہ عمل طے کرے گی۔ انہوں نے کہا کہ پی ایس پی کا یقین ہے کہ سیاست وطن سے محبت کے عملی اظہار کے بغیر ممکن نہیں۔ ہمارا پیغام وطن پرستی اور حب الوطنی ہے اور ہم پاکستان کی سلامتی، استحکام، اتحاد اور یگانگت کے عمل پر یقین رکھتے ہیں۔ پاکستان کا پرچم ہر محب وطن پاکستانی کی ملکیت ہے اور ہر شہری کو پاکستانی پرچم استعمال کرنے کی مکمل آزادی ہوناچاہیے۔

متعلقہ عنوان :