ڈاکٹر عاصم کیس ،جسٹس فاروق شاہ کا فیصلے میں ترمیم سے انکار

محفوظ فیصلے میں کسی قسم کی فل اسٹاپ اورکوماکی تبدیلی بھی نہیں کر سکتے، جسٹس فاروق شاہ ،معاملہ چیف جسٹس سندھ ہائیکورٹ کو بھیج دیا

جمعرات 30 مارچ 2017 17:26

ڈاکٹر عاصم کیس ،جسٹس فاروق شاہ کا فیصلے میں ترمیم سے انکار
کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 30 مارچ2017ء) سابق مشیر پیٹرولیم ڈاکٹر عاصم حسین کی رہائی کا معاملہ لٹک گیا، جسٹس فاروق شاہ نے فیصلے میں کسی قسم کی ترمیم سے انکار کر دیا ،معاملہ چیف جسٹس سندھ ہائی کورٹ کو بھیج دیا گیا ۔جمعرات کوڈاکٹرعاصم کے مچلکوں کی تصدیق اورپاسپورٹ عدالت میں جمع کرانے کے معاملے پر جسٹس فاروق شاہ کی سربراہی میں بینچ نے فیصلے میں کسی قسم کی ترمیم سے انکار کر دیا ہے۔

جسٹس فاروق شاہ نے کہا ہے کہ محفوظ فیصلے میں کسی قسم کی فل اسٹاپ اورکوماکی تبدیلی بھی نہیں کر سکتے۔

(جاری ہے)

سابق مشیر پیٹرولیم ڈاکٹر عاصم کے وکلانے مچلکوں کی تصدیق اور پاسپورٹ عدالت میں جمع کرانے کے عدالتی حکم میں ترمیم کیلئے سندھ ہائیکورٹ میں درخواست دائر کی تھی جس میں موقف اختیارکیا گیا تھا کہ دہشت گردوں کے علاج کے مقدمے میں بھی عدالت نے پاسپورٹ جمع کرانے کا حکم دیا تھا۔عدالتی حکم کے مطابق پاسپورٹس انسداد دہشت گردی عدالت میں جمع کرائے گئے، تاہم سندھ ہائی کورٹ کے ناظر نے دوسرے بینچ کے حکم کے مطابق پاسپورٹ جمع کرانے کا حکم دیا تھا۔درخواست میں عدالتی حکم میں ترمیم کرکے ضمانتی مچلکوں کی تصدیق اور ریلیز آرڈر جاری کرنے کی استدعا کی گئی تھی۔