امریکی حکومت کے تعاون سے بنائے گئے پنجاب ایگریکلچر کمیشن کے سیکرٹریٹ کا افتتاح

جمعرات 30 مارچ 2017 17:23

ملتان۔30 مارچ(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 30 مارچ2017ء) یو ایس ایڈ پاکستان کی ڈ پٹی مشن ڈائریکٹر جولی چین اور صوبائی وزیر زراعت محمد نعیم اختر خان بھابھہ نے یو ایس ایڈ پنجاب ان ایبلنگ انوائرنمنٹ پراجیکٹ کے ذریعے امریکی حکومت کے تعاون سے بنائے گئے پنجاب ایگریکلچر کمیشن کے سیکرٹریٹ کا افتتاح کیا، یہ کمیشن صوبے کے لیے زرعی پالیسی تشکیل دے گا۔

یو ایس ایڈ کا پنجاب ان ایبلنگ انوائرنمنٹ پراجیکٹ 15ملین ڈالرز کی رقم پر مشتمل ایک پانچ سالہ منصوبہ ہے جو پنجاب میں لائیو سٹاک ، ڈیری اور ہارٹیکلچر کے شعبوں میں کاروباری ماحول کی بہتری کے لیے کام کر رہا ہے ۔ اس پراجیکٹ کے ذریعے یو ایس ایڈ محکمہ زراعت کی ایگریکلچر کمیشن کے ذریعے ایک جامع زرعی پالیسی بنانے کے لیے مالی اور تکنیکی معاونت کرے گا۔

(جاری ہے)

ڈ پٹی مشن ڈائریکٹر جولی چین نے اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے کہا کہ زرعی شعبے میں جدت اور نئی جہتوں کے ذریعے ترقی کے وسیع مواقع موجود ہونے کی وجہ سے پنجاب ایگریکلچر کمیشن جیسے اداروں کا کردار بہت اہم ہے ۔ پنجاب ایگریکلچر کمیشن کا قیام اور صوبے کے لیے زرعی پالیسی تشکیل دینے کے لیے کاوش حکومت پنجاب کی زرعی شعبے کی ترقی کے لیے درست سمت کا مظہر ہے ۔

اس موقع پر صوبائی وزیر زراعت محمد نعیم اختر خان بھابھہ نے کہا کہ یہ کمیشن صوبے کے لیے حکومت پنجاب کی زرعی پالیسی بنائے گا جس سے حکومت کی طرف سے وسائل کے صحیح استعمال کو یقینی بنایا جا سکے گا اور وزیر اعلیٰ پنجاب محمد شہباز شریف کے وژن کے مطابق زراعت سے منسلک مختلف شعبوں میں ہم آہنگی کے ذریعے زراعت کی ترقی کے لیے حکمت عملی بھی وضع کی جاسکے گی ۔ اس سے پنجاب نہ صرف معاشی میدان میں ترقی کرے گا بلکہ فوڈ سکیورٹی ، خود کفالت اور منافع بخش فصلوں کے فروغ میں بھی مدد ملے گی ۔ یو ایس قونصل جنرل یوری فیڈ کیو، کمیشن کے ممبران اور زرعی شعبہ سے تعلق رکھنے والے دیگر معززین بھی اس افتتاحی تقریب میں موجود تھے۔

متعلقہ عنوان :