پھولوں کی چھ روزہ نمائش پی ایچ اے کا شہریوں کیلئے خوبصورت تحفہ ہے،چیئرمین ضلع کونسل

جمعرات 30 مارچ 2017 17:04

سرگودھا۔30 مارچ(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 30 مارچ2017ء)چیئرمین ضلع کونسل سردار محمد عاصم شیر میکن نے کہا ہے کہ پی ایچ اے شہر کی خوبصورتی اور شہریوں کو تفریحی سہولیات کی فراہمی کیلئے غیر معمولی اقدامات کررہی ہے۔ پھولوں کی چھ روزہ نمائش پی ایچ اے کا شہریوں کیلئے خوبصورت تحفہ ہے۔ جو موسم بہار کی آمد کے ساتھ ہی شہریوں کیلئے مسرت کی نوید لیکر آیا ہے۔

نمائش میں شہریوں اور فیملیز کی غیر معمولی دلچسپی اس نمائش کی کامیابی کی غمازی کرتی ہے۔ اس کامیاب نمائش کے انعقاد پر پی ایچ اے مبارکباد کی مستحق ہے۔ کہ اس نے شہریوں کی تفریح کیلئے اتنے اچھے پروگرام کا انعقاد کر کے ان کے چہروں پر خوشی بکھیرنے کے لئے اپنا کردار ادا کیا ۔ انہوں نے یہ بات پی ایچ اے کے زیر اہتام کینال ریسٹ ہائو س میں چھ روزہ پھولوں کی نمائش کا جائزہ لیتے ہوئے کہی ۔

(جاری ہے)

ڈپٹی کمشنر لیاقت علی چٹھہ کے علاوہ ایم پی اے ڈاکٹر نادیہ عزیز ، سردار بہادر عباس میکن، صدر پاکستان مسلم لیگ چوہدری شاہ نواز رانجھا ، صدر سرگودہا چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری قیصر اقبال ، مرزا فضل الرحمن ، میاں طارق یعقوب اور شیخ نوید اقبال کے علاوہ چیمبر آف کامرس کے دیگر نمائندوں نے بھی نمائش دیکھی ، اس موقع پر ڈپٹی کمشنر لیاقت علی چٹھہ نے بتایا کہ چھ روزہ پھولوں کی نمائش کے اختتام پر بہترین سجاوٹ کرنے والے نرسری مالکان میں انعامات دیئے جائیں گے۔