ڈاکٹرعاصم کی رہائی عدالت میں پاسپورٹ جمع کرانے سے مشروط

پاسپورٹ ملنے تک عدالت نے زرضمانت وصول کرنے سے بھی انکار کر دیا ،میڈیا رپورٹس

جمعرات 30 مارچ 2017 16:45

ڈاکٹرعاصم کی رہائی عدالت میں پاسپورٹ جمع کرانے سے مشروط
کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 30 مارچ2017ء) سابق وفاقی وزیر ڈاکٹر عاصم کی ضمانت منظور ہو نے کے بعد رہائی عدالت میں پاسپورٹ جمع کرانے سے مشروط کر دی گئی ، پاسپورٹ ملنے تک عدالت نے زرضمانت وصول کرنے سے بھی انکار کر دیا ۔ تفصیلات کے مطابق سابق وزیر پٹرولیم کی نیب کے دو ریفرنسز میں بھی طبی بنیادوں پر ضمانت منظور کر لی گئی تھی ایک سال سات ماہ بعد آخر کار ڈاکٹر عاصم کو رہائی کا پروانہ تو مل تو گیا مگر رہائی نہ مل سکی ۔

میڈیا رپورٹس کے مطابق دہشت گردوں کے علاج کے مقدمے میں ضمانت ملنے پر ڈاکٹر عاصم کا پاسپورٹ اے ٹی سی میں جمع کرایا گیا ۔ اب 462 ارب اور 17 ارب روپے کرپشن کے دو ریفرنسز میں بھی ضمانت منظور کرلی گئی تھی تاہم سندھ ہائیکورٹ کے انیس صفحات پرمشتمل عدالتی حکمنامے میں تحریر کیا گیا کہ میڈیکل بورڈ نے ڈاکٹر عاصم کے مفلوج ہونے کا خدشہ ظاہر کیا ہے لہذا طبی بنیادوں پر پچیس پچیس لاکھ روپے کے دو مچلکوں کے عوض ڈاکٹرعاصم کی ضمانت منظور کی جاتی ہے لیکن وہ اپنا پاسپورٹ ناظر کے پاس جمع کرائیں گے ۔

(جاری ہے)

بس یہی شرط رہائی کی راہ میں رکاوٹ بن گئی ۔ پاسپورٹ ملنے تک عدالت نے زرضمانت وصول کرنے سے بھی انکار کر دیا ۔ چھبیس اگست 2015 کے دن سابق وزیر کو ان کے دفتر سے رینجرز حکام نے دھر لیا اور نوے روز حراست میں رکھنے کے بعد پولیس کے حوالے کر دیا ۔ ڈاکٹرعاصم کی دونوں نیب ریفرنسز میں سندھ ہائیکورٹ میں ضمانت دائر کی تو ضمانت کے فیصلے پر ڈویژن بینچ میں اختلاف پیدا ہوگیا جس کے بعد جسٹس آفتاب احمد گورر کو ریفری جج مقرر کیا گیا جنہوں نے جسٹس کریم خان آغا کے فیصلے کو برقرار رکھتے ہوئے دونوں نیب ریفرنسز میں سابق وزیر کی ضمانت منظور کرلی ۔ خوشی کی خبر سن کر پیپلز پارٹی قیادت کارکنوں کے ہمراہ جناح ہسپتال پہنچ گئی جہاں مٹھائی بھی تقسیم کی گئی ۔

متعلقہ عنوان :