پاکستان اور بحرین کی قیادت کے وژن کے مطابق دونوں ممالک کے پرتپاک تعلقات کو تجارتی شراکت داری میں تبدیل کیا جائے گا، چھ ماہ کی مدت میں دوسری پاک بحرین تجارتی کانفرنس کا انعقاد اس عزم کا اظہار ہے،نجی شعبہ میں پاک بحرین ہولڈنگ کمپنی قائم کی جائے گی، پاکستان سے بحرین کو چاول، گوشت، سبزیاں اور پھل برآمد کئے جائیں گے

وزیر تجارت انجینئر خرم دستگیر کی بحرین کے وزیر صنعت، تجارت و سیاحت زید آر الزیارانی کے ہمراہ پریس کانفرنس

جمعرات 30 مارچ 2017 16:39

پاکستان اور بحرین کی قیادت کے وژن کے مطابق دونوں ممالک کے پرتپاک تعلقات ..
اسلام آباد ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 30 مارچ2017ء) وزیر تجارت انجینئر خرم دستگیر نے کہا ہے کہ پاکستان اور بحرین کی قیادت کے وژن کے مطابق دونوں ممالک کے پرتپاک تعلقات کو تجارتی شراکت داری میں تبدیل کیا جائے گا، چھ ماہ کی مدت میں دوسری پاک بحرین تجارتی کانفرنس کا انعقاد اس عزم کا اظہار ہے۔ جمعرات کو یہاں بحرین کے وزیر صنعت، تجارت و سیاحت زید آر الزیارانی کے ہمراہ پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ پاکستان بحرین کے تجارتی وفد کا گرم جوشی سے خیرمقدم کرتا ہے۔

پاکستان میں دوسری پاکستان بحرین بزنس تجارتی کانفرنس کا انعقاد دونوں ممالک کے درمیان تجارتی تعلقات میں اضافہ کا باعث ہوگی۔ ستمبر 2016ء میں بحرین کے دارالحکومت ماناما میں پہلی تجارتی کانفرنس ہوئی تھی جس میں پاکستان کے صنعت کاروں اور تاجروں کے ایک وفد نے شرکت کی تھی۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ بحرین کے شاہ، وزیراعظم اور ولی عہد اور پاکستان کے وزیراعظم دونوں ممالک کے درمیان معاشی شراکت داری کے خواہش مند ہیں۔

وفاقی وزیر نے کہا کہ نجی شعبہ میں پاک بحرین ہولڈنگ کمپنی قائم کی جائے گی، پاکستان سے بحرین کو چاول، گوشت، سبزیاں اور پھل برآمد کئے جائیں گے اور زرعی اور صنعتی شعبہ میں مشترکہ منصوبے شروع کرنے کا جائزہ لیا جائے گا۔ بحرین کے وزیر تجارت زید الزیارانی نے کہا کہ پاکستان میں سیاسی استحکام ہے، دو ہفتہ قبل بحرین کے وزیر خارجہ پاکستان آئے تھے اور اب اعلیٰ سطح کا تجارتی وفد پاکستان کے دورہ پر آیا ہے جس سے دونوں ممالک کے تعلقات پر مثبت اثرات مرتب ہوں گے۔

انہوں نے کہا کہ ہم تجارتی، مالیاتی، سیاحت، مصنوعات سازی اور لاجسٹک کے شعبوں میں پاکستانی کمپنیوں کو سرمایہ کاری کی دعوت دیتے ہیں۔ انہوں نے نجی شعبہ کو بھی تجارتی تعلقات میں اضافہ کی دعوت دی۔ انہوں نے کہا کہ ہم دوطرفہ تجارتی حجم میں اضافہ کے لئے کوششیں کریں گے۔ تاجروں کے ویزوں میں آسانی پیدا کی جائے گی۔ تجارتی نمائشوں کا اہتمام اور تجارتی وفود کے تبادلوں میں اضافہ کیا جائے گا۔

قبل ازیں پاکستان بحرین بزنس تجارتی کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے انجینئر خرم دستگیر نے کہا کہ بحرین کے شاہ کی قیادت میں بحرین ترقی و خوشحالی کی منازل طے کر رہا ہے جو خلیج تعاون کونسل کے ممالک کے لئے ایک گیٹ وے کی حیثیت رکھتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان اور بحرین عظیم دوست ہیں۔ وزیراعظم محمد نواز شریف کی قیادت میں دونوں ممالک حقیقی پائیدار تعلقات کو فروغ دیں گے جو 21 ویں صدی میں شاندار معاشی شراکت داری میں تبدیل ہوں گے۔

انہوں نے کہا کہ دونوں ممالک کی پرتپاک دوستی تجارتی اور سرمایہ کاری تعلقات میں تبدیل ہو رہی ہے۔ دونوں ممالک تجارتی تعلقات میں اضافہ کے لئے ایک دوسرے کو سہولت دیں گے۔ انہوں نے کہا کہ یہ بات خوش آئند ہے کہ البرکہ بینک کی پاکستان بھر میں 240 شاخیں ہیں جو ہمارے پائیدار تعلقات کا مظہر ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستانی قوم پرعزم ہے اور وزیراعظم محمد نواز شریف کی قیادت میں ملک ترقی کی جانب بڑھ رہا ہے، اس سے قبل ہم تاریک دور میں تھے، اب پورا ملک خوشحال اور روشن ہو رہا ہے۔

کراچی اور بلوچستان میں امن بحال ہوا ہے۔ 2018ء تک توانائی کے بحران پر مکمل قابو پا لیا جائے گا۔ پاکستان کی ترقی کی بدولت غیر ملکی سرمایہ کاری کے لئے مواقع بڑھے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ میں نے حال ہی میں ہالینڈ کا دورہ کیا، ہالینڈ کی کمپنیاں پاکستان میں ڈیری کے شعبہ میں بھاری سرمایہ کاری کے خواہاں ہیں۔ بحرین کے وزیر تجارت زید الزیارانی نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ انہیں بحرین کی اعلیٰ قیادت نے ہدایات دی ہیں کہ پاکستانیوں سے بھرپور تعاون کیا جائے۔

انہوں نے کہا کہ ہم وزیراعظم نواز شریف کے مشکور ہیں جنہوں نے دونوں ممالک کے تعلقات کو مستحکم بنانے کے لئے بصیرت دی۔ انہوں نے کہا کہ وزیراعظم پاکستان کے ساتھ ہماری ملاقات بڑی مفید رہی جو دونوں ممالک کے تجارتی حجم میں ایک ارب ڈالر کے اضافہ کے خواہش مند ہیں اور تجارتی تعلقات کو مضبوط بنانا چاہتے ہیں۔ اس موقع پر البرکہ بینک کے اعلیٰ عہدیدار نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ مختصر مدت میں البرکہ بینک نے پاکستان میں اپنی شاخوں میں اضافہ کیا جو ہمارے بڑھتے ہوئے تجارتی اور معاشی تعلقات کا عکاس ہے۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان خطہ میں تیزی کے ساتھ ترقی کر رہا ہے۔ بحرین میں پاکستان کے سفیر جاوید ملک نے اپنے خطاب میں کہا کہ وزیراعظم نواز شریف بحرین کے ساتھ تعلقات کو مضبوط بنانے کے لئے پرعزم ہیں جنہوں نے بحرین کا دورہ کیا جس سے دونوں ممالک کے تعلقات بالخصوص تجارتی تعلقات میں بڑا اضافہ ہوا۔ انہوں نے بحرینی قیادت کے ساتھ ملاقات میں تجارتی، معاشی تعلقات سمیت تمام شعبوں میں باہمی تعلقات مستحکم بنانے کا جائزہ لیا۔

انہوں نے کہا کہ بحرین میں بڑی تعداد میں پاکستانی مختلف شعبوں میں خدمات سرانجام دے رہے ہیں۔ ایف پی سی سی آئی کے صدر نے اپنے خطاب میں بحرین کے وزیر تجارت کی قیادت میں بحرینی تجارتی وفد کا پرتپاک خیرمقدم کیا۔ انہوں نے کہا کہ ان کے کامیاب دورہ سے دونوں ممالک کے تعلقات میں مزید اضافہ ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ چین توانائی اور انفراسٹرکچر کے شعبہ سمیت مختلف شعبوں میں 51 ارب ڈالر کی سرمایہ کاری کرے گا۔

چین سے تجارتی قافلے براستہ گوادر مشرق وسطیٰ اور افریقہ جائیں گے۔ اس موقع پر بحرین کے چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے چیئرمین اور چین پاکستان اکنامک کوریڈور کے پراجیکٹ ڈائریکٹر نے بھی خطاب کیا اور دونوں ممالک کے درمیان تجارتی تعلقات میں اضافہ کے امکانات پر اظہار خیال کیا۔

متعلقہ عنوان :