فیصل آباد میں جدید ترین خدمت مرکز کو آئندہ چند روز میں فعال کر دیا جائے گا،ترجمان ڈسٹرکٹ گورنمنٹ

جمعرات 30 مارچ 2017 16:25

فیصل آباد۔30 مارچ(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 30 مارچ2017ء) لاہور ‘ راولپنڈی ‘ سرگودھا ‘ گوجرانوالہ ‘ ساہیوال کے بعد فیصل آباد میں آئندہ چند روز میں جدید ترین خدمت مرکز کو فعال کر دیا جائے گا جس سے شہریوں کو آٹھ مختلف محکموں کے 15 کائونٹرز پر پنجاب پولیس کی طرف سے کریکٹر سرٹیفکیٹ کے علاوہ برتھ ‘ ڈیتھ ‘ میرج اور طلاق کے سرٹیفکیٹس کے اجراء ‘ روٹ پرمٹ ‘ زمینوں کی فرد‘ ڈومیسائل ‘ موٹر وہیکل رجسٹریشن ‘ ٹوکن ٹیکس ‘ تبدیلی ملکیت ‘ لرننگ ڈرائیونگ لائسنس ‘ چالانوں کی وصولی ‘ شناختی کارڈ کے امور اور مختلف فیسوں کی وصولی کیلئے ای پیمنٹ سسٹم کی تیز رفتار سہولیات میسر ہونگی اور سائل کا مسئلہ دس سے پندرہ منٹ کے اندر حل ہو گا ۔

ڈسٹرکٹ گورنمنٹ فیصل آباد کے ترجمان نے بتایاکہ وزیر اعلی پنجاب محمد شہباز شریف کے ویژن کے مطابق انفارمیشن ٹیکنالوجی کے جدید نظام کے تحت پبلک سروس کے مختلف اداروں کے کائونٹرز پر مشتمل سٹیٹ آف دی آرٹ ‘ خدمت مرکز ‘ شہریوں کیلئے دور جدید کی بہت بڑی سہولت ہے جس کی بدولت ایک ہی چھت تلے مختلف محکموں سے متعلق عوام کے کام تیزی رفتاری سے نمٹیں گے ۔

(جاری ہے)

انہوںنے کہا کہ حکومت پنجاب عوامی کی سہولیات کی خاطر محکمانہ سروسز کو جدید خطوط پر استوار کر رہی ہے تاکہ کم سے کم وقت میں عوامی مسائل شفاف انداز میں حل ہوں جس میں کامیابی کیلئے خدمت مرکز کا کردار بڑی اہمیت کا حامل ہے لہٰذا سٹاف کو تمام طریقہ کار پر عبور ہونا چاہئے ۔ انہوں نے کہا کہ اعلی نظم و ضبط کیلئے طے شدہ پالیسی اور طریقہ کار پر عملدرآمد کو یقینی بنایا جائے اور خدمت مرکز کے اندرونی و بیرونی ماحول اور صفائی ستھرائی کا اعلی معیار ہمہ وقت برقرار رہنا چاہیے ۔ انہوں نے بتایاکہ خدمت مرکز کی تعمیر پر 13کروڑ روپے کی رقم خرچ کی جا رہی ہے جسے آئندہ چند روز میں مکمل و فنکشنل کر دیا جائے گا۔

متعلقہ عنوان :